کانگریس کو کامیاب کریں، ملک کو فرقہ پرستی کے زہر سے پاک کریں

   

سنگاریڈی میں جگاریڈی کی زیر قیادت پارلیمانی امیدوار نیلم مدھو کا انتخابی اجلاس، ریاستی وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کا خطاب
سنگاریڈی 14 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ پارلیمنٹ میدک کانگریس پارٹی امیدوار نیلم مدھو کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرنے جگا ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی نگرانی میں اور نرملا جگا ریڈی صدر ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی ضلع سنگاریڈی کی زیر صدارت حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے کانگریسی قائدین و کارکنان کا اجلاس منعقد ہوا جس کو کونڈا سریکھا وزیر جنگلات و ماحولیات و انچارج وزیر ضلع سنگاریڈی نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ کانگریس پارٹی نے حسب وعدہ اندرون سو یوم گیارنٹیز کی تکمیل کی ہے۔ چھ میں سے 5 گیارنٹیز پر عملی طور پر شروع ہوچکی ہے۔ خواتین کو بس میں مفت سفر کی سہولت، 500 روپے میں گیاس سلنڈر کی فراہمی، مفت 200 برقی یونٹ، مکان کی تعمیر کے لیے اندراماں کے 5 لاکھ روپیہ امداد کی فراہمی اور راجیو آروگیا شری کے تحت 15 لاکھ روپیہ تک کے علاج کے وعدے کو پورا کیا گیا۔ 92 فیصد کسانوں کے بینک کھاتوں میں رایتو بندھو کی رقم جمع ہوچکی ہے اور ماباقی کسانوں کو رایتو بندھو مل جائے گا۔ ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کر رہی ہے اور بی سی، ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کی خوشحالی اور ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ کانگریس حکومت کے 100 دن بی آر ایس کے دس سالہ دور سے بہت زیادہ بہتر ہے۔ سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملک ارجن کھرگے کی سرپرستی میں اور ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ میں کانگریس حکومت غریب اور پسماندہ طبقات کی آواز بن کر کام کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جگا ریڈی ایک بہترین عوامی قائد ہیں جو ہمیشہ عوام کی مدد کرتے ہیں۔ ان کی رہنمائی میں حلقہ سنگاریڈی سے کانگریس امیدوار کو 30 ہزار ووٹوں کی اکثریت کا حاصل ہونا یقینی ہے۔ کنڈہ سریکھا نے کہا کہ بی آر ایس خشک سالی مسئلہ پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ بی آر ایس مسئلہ کو بڑھا چڑھا کر بتا رہی ہے۔ بی آر ایس نے 2018 اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ کی عوام سے 100 وعدے کئے تھے جس میں سے دو وعدے بھی پورے نہیں کئے۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ تین ہزار بیروگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا جو پانچ سال میں پورا نہیں کیا جبکہ کانگریس نے اقتدار میں آتے ہی وعدوں کی تکمیل شروع کردی ہے۔ راہول گاندھی نے ملک میں تبدیلی اور ہر ایک کے ساتھ انصاف اور ترقی کے لیے کانگریس کا منشور نیائے پتر جاری کیا ہے جس میں ہر طبقہ کی ترقی کے لیے اسکیمات شامل کی گئی۔ کانگریس مرکز میں اقتدار میں آنے پر ان پر عمل ہوگا اور ساتھ ہی خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپیہ دیا جائے گا۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کو کامیاب بنائیں اور ملک کو فرقہ پرستی اور تعصبیت کے زہر سے پاک کریں۔ جگا ریڈی ورکنگ پرسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے قائدین و کارکنان کو کانگریس امیدوار کی کامیابی کے لیے سنجیدہ محنت کرنے کی ہدایت دی۔ نیلم مدھو امیدوار کانگریس نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ عوام کے جذبات اور خواہش کا احترام کرتے ہوے علیحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل دی لیکن بی آر ایس نے عوامی توقعات کے بر خلاف کام کرتے ہوے تلنگانہ کو مقروض ریاست بنا دیا۔ حلقہ پارلیمنٹ میدک کی ترقی پر بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہیں کامیاب بنانے پر مرکز اور ریاستی فنڈس سے حلقہ کی ترقی کریں گے اور دیرینہ حل طلب مسائل اور مطالبات کی تکمیل کے لیے سعی کرینگے۔ اس موقع جٹی کسم کمار، حافظ شیخ شفیع کونسلر، آنجانیلو، منوج ریڈی، توپاجی اننت کشن، جارج متھیوس اور چھوٹو بھائی سداسیو پیٹ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔