کانگریس کیلئے مرحوم محمد جاوید کی گرانقدر خدمات

   

مرحوم کی دختر کو نامزد عہدہ دیا جائے ، وی ہنمنت راؤ کا قیادت سے مطالبہ

کھمم ۔21 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کھمم ضلع کے سینئر کانگریس قائد مرحوم محمد جاوید کے افراد خاندان کے ساتھ کانگریس پارٹی مکمل انصاف کرے ، گزشتہ 20 برسوں میں مرحوم محمد جاوید نے کانگریس پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں چنانچہ محمد جاوید کی بڑی لڑکی جو تعلیمیافتہ ہیں ، ریاستی نامزد چیرمین کا عہدہ دیا جائے ، سابقہ ایم پی و سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ نے کھمم میں صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ، جاریہ ماہ کی پندرہ تاریخ کو کھمم ضلع کے سینئر کانگریس قائد سابق کھمم سٹی صدر و پی سی سی رکن محمد جاوید حیدرآباد جاتے ہوے سوریاپیٹ کے پاس حیدرآباد نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ۔ ان کی اچانک موت کھمم ضلع میں کانگریس پارٹی کا بھاری نقصان تصور کیاجارہاہے ۔ واضح رہے کہ محمد جاوید مرحوم بیس سالوں سے کانگریس پارٹی سے وابستہ رہتے ہوئے ایک وفادار سپاہی کی طرح کانگریس پارٹی کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں ، آج کانگریس پارٹی کے سابقہ ایم پی و سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ نے کھمم میں مرحوم محمد جاوید کے مکان پہنچ کر افراد خاندان کو پرسہ دیا ۔ اس موقع پر وی ہنمنت راؤ نے صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد جاوید ایک ہونہار اور باصلاحیت سیاسی قائد تھے بالخصوص بی آر ایس کے دس سالہ دور اقتدار میں متحدہ کھمم ضلع میں تمام رکاوٹوں کے باوجود کانگریس پارٹی کو نمایاں مقام پر پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 2023 اسمبلی انتخابات میں کھمم اسمبلی حلقہ سے ٹی ناگیشور راؤ کو جتانے میں محمد جاوید نے کلیدی کردار ادا کیا ۔ راہول گاندھی اور سونیا گاندھی نے محمد جاوید کو ایم ایل سی یا ریاستی چیرمین کے عہدے کا وعدہ کیا تھا ۔ وی ہنمنت راؤ نے مزید کہا کہ مرحوم محمد جاوید ایک کامیاب رئیل اسٹیٹ تاجر تھے ۔ محمد جاوید کو دو لڑکیاں ہے بڑی لڑکی ایل ایل بی مکمل کرنے کے بعد ایل ایل ایم میں زیر تعلیم ہیں ، چھوٹی لڑکی ایم بی بی ایس سال آخر میں زیر تعلیم ہیں ۔ وی ہنمنت راؤ نے کانگریس پارٹی کی اعلیٰ قیادت راہول گاندھی ، سونیا گاندھی ، پرینکا گاندھی اور ریاستی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ مرحوم محمد جاوید کی بڑی لڑکی جو تعلیمیافتہ ہیں فوری طور پر ریاستی نامزد چیرمین کا عہدہ دیا جائے ۔ اس موقع پر کھمم ضلع کانگریس پارٹی صدر این ستیہ نارائنا ، سابقہ ضلع صدر درگا پرساد ، اقلیتی قائدین مکرم علی ، اویس ، افتخار ، سید سعادت بھی موجود تھے۔