کانگریس کی طوفانی لہر سے مودی بوکھلاہٹ کا شکار : ریونت ریڈی

   

مرکز میں کانگریس حکومت قائم ہوگی، سکندرآباد سے ناگیندر کی کامیابی کا یقین

حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی ملک میں کانگریس کی طوفانی لہر سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں۔ بی جے پی کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کی آخری کوشش کے طور پر مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہے ہیں۔ کانگریس کو ووٹ دینے پر ہندوؤں کی جائیدادیں اور خواتین کے منگل سوتر مسلمانوں میں تقسیم کردینے کی نفرت انگیز مہم چلاتے ہوئے ملک کے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے آج حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے پارٹی امیدوار ڈی ناگیندر کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھگوانوں کو مندروں میں ہونا چاہئے اور عقیدہ دل میں ہونا چاہئے مگر وزیر اعظم ووٹ کی سیاست کیلئے بھگوانوں کے تقدس کو پامال کررہے ہیں۔ سماج کے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کرنے کا حلف لینے والے وزیر اعظم دستوری اقدار کی دھجیاں اڑا رہے ہیں جو انہیں زیب نہیں دیتا۔ شہر حیدرآباد امن کا گہوارہ ہے، یہاں ہندو۔ مسلم مل جل کر رہتے ہیں۔ محرم اور گنیش جلوس میں ایک دوسرے سے تعاون و اشتراک کرتے ہیں۔ سکندرآباد کے عوام ناگیندر کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں تو وہ ناگیندر کو مرکز میں اہم ذمہ داری کا تیقن دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی۔ بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے اپنی دختر کویتا کی ضمانت کرانے کے لئے حلقہ لوک سبھا کی نشست بی جے پی کو چھوڑتے ہوئے پدماراؤ گوڑ کو بلی کا بکرا بنایا ہے۔ پدما راؤ گوڑ کی جانب سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے وقت کے سی آر کے ٹی آر موجود نہیں تھے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بی آر ایس نے اس نشست کی بی جے پی سے سودے بازی کرلی ہے۔ لہذا بی آر ایس کو ووٹ دینا بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہوگا۔ نریندر مودی نے سال میں 2 کروڑ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا لیکن 10 برسوں کے دوران 20 کروڑ ملازمتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ اسی طرح 15 لاکھ روپے کی بھی شہری کے بینک اکاؤنٹ میں جمع نہیں ہوئے۔ کسانوں کی آمدنی دگنی کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر سیاہ قوانین تیار کرتے ہوئے کسانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا گیا۔ کانگریس پارٹی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے۔ نفرت کے ماحول کو محبت میں تبدیل کرنے کیلئے انہوں نے بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل کی۔ 2