کانگریس کے سرکردہ قائدین کی تلنگانہ میں انتخابی مہم

   

آئندہ ہفتہ مہم میں شدت، ترتیب کردہ پروگرام کا عنقریب اعلان
حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) کانگریس کے سرکردہ قائدین آئندہ ہفتہ سے تلنگانہ میں اپنی مہم میں شدت پیدا کریں گے اور مرکزی قائدین کی آمد کا سلسلہ آئندہ ماہ کے اوائل سے شروع ہونے کی توقع ہے۔ تلنگانہ میں7 اپریل کو کانگریس کے انتخابی منشور کی اجرائی کے بعد سے کسی سرکردہ قائد یا مرکزی قائد کا دورہ تلنگانہ نہیں ہوا اور نہ ہی کسی نے اب تک تلنگانہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارٹی کے امیدواروں کے لئے مہم چلائی ۔پارٹی ذرائع کے مطابق کیرالہ اور کرناٹک کے علاوہ راجستھان کے انتخابات میں مصروف پارٹی قائدین اب تلنگانہ اور آندھراپردیش کا رخ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ ملک میں تیسرے مرحلہ انتخابات کے لئے جاری مہم میں مصروف قائدین 5مئی سے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ ابتدائی دو مرحلوں کی رائے دہی کے دوران کانگریس قائدین نے نہ صرف جنوبی ہند کی ریاستوں میں انتخابی مہم چلائی بلکہ شمالی ہند کی ریاستوں بہار‘ اترپردیش‘ مدھیہ پردیش کے علاوہ راجستھان اور مہاراشٹرا میں بھی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ مہم چلائی اور اب کانگریس ہائی کمان کی ہدایات کے مطابق وہ 7 مئی کو چوتھے مرحلہ کی رائے دہی جن مقامات پر ہونے والی ہے ان ریاستوں میں انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران پارٹی کے سرکردہ قائدین آسام‘ چھتیس گڑھ ‘ بہار‘ گجرات کرناٹک ‘ مدھیہ پردیش ‘ مہاراشٹرا‘ اترپردیش میں انتخابی مہم چلائیں گے جبکہ ان ریاستوں میں 5مئی کو انتخابی مہم ختم ہوتے ہی وہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کا رخ کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ان کے کابینی رفقاء کی جانب سے چلائی جانے والی انتخابی مہم سے پارٹی ہائی کمان مطمئن ہے اور انہیں مکمل آزادی دی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کے لئے مہم کو جاری رکھیں۔تلنگانہ کے 17 حلقہ جات لوک سبھا سے مقابلہ کرنے والے پارٹی امیدواروں کی جانب سے پارٹی کے سرکردہ قائدین کو انتخابی مہم میں مدعو کرنے کے سلسلہ میں رابطہ پر اس بات کے اشارے دیئے گئے ہیں ملک میں تیسرے مرحلہ کے انتخابات کے لئے جاری انتخابی مہم کے اختتام کو پہنچتے ہی پارٹی کے سینیئر قائدین تلنگانہ اور آندھراپردیش میں انتخابی مہم کا رخ کریں گے اور 5مئی تا 11 مئی کے دوران کانگریس پارٹی ہائی کمان کے سینیئر قائدین شدت سے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے لئے ان کے حلقہ جات لوک سبھا میں مہم چلائیں گے۔ریاستی ذرائع کے مطابق سینیئر قائدین کے شیڈول کی تیاری آخری مرحلہ میں ہے اور جلد ہی اس کا اعلان کیا جائے گا ۔3