کانگریس کے سینئر قائد جاناریڈی کا اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کا دورہ

   


بی جے پی میں شامل ہونے تردید، ضمنی انتخاب میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے اور
بھاری اکثریت سے کامیاب ہونے کا دعویٰ

حیدرآباد : کانگریس کے سینئر قائد کے جاناریڈی نے کہا کہ وہ اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ چند دنوں سے یہ افواہ چل رہی تھی کہ جاناریڈی کے فرزند بی جے پی میں شامل ہوکر مقابلہ کریں گے۔ اس کے بعد یہ بھی افواہیں پھیلائی گئی تھی کہ جاناریڈی خود بی جے پی میں شامل ہونے اور بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔ کانگریس کے سینئر قائد جاناریڈی نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کے ڈسپلن سپاہی ہے اور کانگریس کے ٹکٹ پر ہی مجوزہ ناگرجنا اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں مقابلہ کریں گے اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ کے جاناریڈی نے حیدرآباد میں تلنگانہ کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی بی جے پی میں شمولیت کی تردید کی پھر ضلع نلگنڈہ کے اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کا دورہ کیا۔ آنجہانی ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی این نرسمہیا کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور ایک خانگی پروگرام میں شرکت کرنے کے علاوہ مقامی قائدین اور کانگریس کے کارکنوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا کی جانب سے ان کے بارے میں گمراہ کن مہم چلائی گئی کہ وہ کانگریس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں اور بیجے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے جو سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔ مقامی پارٹی قائدین و کارکنوں میں جو غلط فہمی پیدا ہوئی ہے وہ اس کو دور کرنے کیلئے وہ یہاں آئے ہیں وہ کانگریس پارٹی اور کانگریس میں ہی رہیں گے۔ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کریں گے اور بھاری اکثریت سے کامیابی بھی حاصل کریں گے۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو گمراہ کن پروپگنڈہ پر بھروسہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔