کانگریس کے قومی انتخابی منشور میں اقلیتوں اور کمزور طبقات کی ترقی پر توجہ

   

تحفظات میں اضافہ کے اقدامات، محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ کیلئے کانگریس پارٹی کے انتخابی منشور میں اقلیتوں اور کمزور طبقات سے انصاف کا عہد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مرکز میں برسراقتدار آنے کے بعد اقلیتوں اور دیگر طبقات کو سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ محمد علی شبیر نے کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی منشور ایک جامع دستاویز ہے جس میں سماج کے تمام طبقات کی ترقی کا احاطہ کیا گیا ہے۔ قومی سطح پر ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری، ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کیلئے 50 فیصد کی حد کا خاتمہ اور تعلیمی و معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو 10 فیصد تحفظات جیسے وعدے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر مردم شماری کے ذریعہ مختلف طبقات کی حقیقی آبادی اور ان کی صورتحال کا پتہ چلایا جائے گا۔ کانگریس نے تلنگانہ میں بی سی طبقات کی مردم شماری کا وعدہ کیا ہے۔ حکومت نے اسمبلی میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مردم شماری کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائد راہول گاندھی قومی سطح پر مردم شماری کی پُرزور وکالت کررہے ہیں تاکہ کمزور طبقات کی صورتحال بہتر بنائی جاسکے۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ ملک میں تحفظات کیلئے 50 فیصد کی حد مقرر ہے اور دستوری ترمیم کے ذریعہ کانگریس پارٹی 50 فیصد کی حد کو ختم کردے گی جس کے نتیجہ میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے تحفظات میں اضافہ ہوگا۔ سابق کانگریس حکومت نے سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات کو 4 فیصد تحفظات کا آغاز کیا تھا جن پر آج بھی عمل آوری جاری ہے۔ 1
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اقلیتوں کیلئے مولانا آزاد فیلوشپ کے احیاء کے علاوہ دیگر تعلیمی مراعات کا وعدہ کیا ہے۔1