کتہ پیٹ میں بیوی کے ہاتھوں شوہر کا قتل

   

حیدرآباد ۔29اپریل ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کتہ پیٹ میں قتل کی سنسنی خیز واردات پیش آئی ۔ جہاں بیوی نے عاشق کے ہمراہ شوہر کا قتل کردیا ۔ چیتنیہ پوری پولیس کے مطابق 33سالہ گولیا عرف شنکر کو زہریلی دوا پلانے کے بعد گلہ گھونٹ کر اور برقی شاک کے ذریعہ قتل کیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شنکر کا قتل کرنے کی خاطر اور برسرموقع ہلاک کرنے کی غرض سے اس پر مختلف انداز سے حملے کئے گئے جس میں خود اس کی بیوی وجیہ اور اس کا عاشق کشن شامل ہے ۔ شنکر پیشہ سے مزدور تھا جو یادو نگر کتہ پیٹ میں رہتا تھا اس کی شادی سال 2006ء میں وجیہ سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تقریباً 10سال سے کشن اور وجیہ کے درمیان دوستی تھی اور ان کے درمیان ناجائز تعلقات تھے ۔ اس میں شوہر رکاوٹ بن رہا تھا ۔ 27 اپریل کے دن وجیہ اور اس کے عاشق نے منصوبہ تیار کرتے ہوئے شنکر کو کثرت سے شراب پلائی اور شراب میں نامعلوم زہریلی دوا ملا دی تھی ، جس کے بعد اس کا گلہ گھونٹنے کی کوشش کی اور برقی شاک دیا گیا ۔ تاہم وہ اس وقت مر نہ سکا اور کل علاج کے دوران ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ، پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔