کرناٹک کی جیت پر جموں وکشمیر میں کانگریس کا جشن

   

سری نگر: کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت پر جموں وکشمیر میں پارٹی کے کارکنوں نے جشن منایا اور پٹاخے چھوڑے ۔ اس موقع پر کانگریس صدر وقار رسول وانی نے کہاکہ راہل گاندھی کی سربراہی میں بھارت جوڑو یاترا نے پیار کی دکان کھولی اور یہ اسی پیار کا نتیجہ ہے کہ کانگریس نے کرناٹک میں بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی۔ یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں ہفتے کو کانگریس کے کارکنوں نے سڑکوں پر آکر جشن منایا اور پٹاخے چھوڑے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کانگریس صدر وقار رسول وانی نے کہاکہ بھاجپا نے انتخابات میں جیت کی خاطر ایڑی چوڑی کا زور لگایا ، وزیر اعظم مودی ایک مہینے تک کرناٹک میں رہے لیکن اس کے باوجود بھی بھاجپا کو لوگوں نے مسترد کیا۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک کی جیت کے بعد لوک سبھا انتخابات میں بھی بی جے پی کو شکست کا سامنا کرناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اب بدلاو چاہتے ہیں کیونکہ بی جے پی نے پچھلے چھ برسوں کے دوران لوگوں کو کچھ نہیں دیا۔ ملک میں اس وقت بے روزگاری ہے ، کرپشن کا دور دورہ ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ بھاجپا سے تنگ آچکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت جوڑو یاترا نے پیار کی دکان کھولی اور لوگوں نے بھی اس کو پیار دیا۔ جموں وکشمیر کے حوالے سے وقار رسول وانی نے بتایا کہ بی جے پی نے اس تاریخی ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کرکے لوگوں کو بہت بڑا دھوکہ دیا اور آنے والے اسمبلی چناو میں بھی بی جے پی کو جموں وکشمیر کے لوگ مستردکریں گے ۔