کرناٹک کے بی جے پی لیجسلیٹرس جوڑ توڑ سے بچنے ہریانہ میں مقیم

   

نئی دہلی ۔15جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں برسراقتدار کانگریس ۔ جے ڈی ( ایس ) مخلوط کی طرف سے اپنے لیجسلیٹرس کو ہتھیالینے کے اندیشے سے ریاست کی اپوزیشن بی جے پی نے اپنے ایم ایل ایز کو ہریانہ کے ضلع نوہ کی تفریح گاہ کو منتقل کردیا ہے جو قومی دارالحکومت سے قریب واقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا ، سابق چیف منسٹر جگدیش شیٹار اور دیگر سینئر قائدین جیسے شوبھا کرانڈ لاجے اُن 104 ایم ایل ایز میں شامل ہیں جو پیر سے ضلع نوہ میں حسن پور تاورو کے آئی ٹی سی گرانڈ بھارت ریزارٹ میں قیام کررہے ہیں ۔ ذرائع نے کہاکہ بی جے پی لیجسلیٹرس کو منتقل کرنے کی بنیادی وجہہ اُنھیں کانگریس ۔ جے ڈی ( ایس ) اتحاد کی جانب سے ورغلانے اور لالچ دیکر اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کو ناکام بنانا ہے ۔ شیٹار نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم ریزارٹ میں مقیم ہیں ۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ہم یہاں کتنا عرصہ رہیں گے ۔ تین ، چار ایم ایل ایز کی شخصی وجوہات کی بناء ریاست کو واپسی کے تعلق سے پوچھنے پر ذرائع نے کہاکہ وہ عنقریب واپس ہوجائیں گے ۔