کرناٹک کے وزیر پٹا راجو کے گھر پر محکمہ انکم ٹیکس کا دھاوا

,

   

میسورو میں بھانجے کے مکان کی بھی تلاشی لی گئی ۔ کرناٹک پولیس کی بجائے سی آر پی ایف سے استفادہ
بنگلورو 28 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آج صبح کی اولین ساعتوںمیں محکمہ انکم ٹیکس کے عہدیداروں نے سی آر پی ایف اہلکاروں کے ساتھ کرناٹک کے وزیر آبپاشی سی ایس پٹا راجو اور ان کے بھانجے کی قیامگاہوں پر دھاوے کئے ۔ اس کے علاوہ وزیر عمارات و شوارع ایچ ڈی ریونا کے قریبی ساتھیوں نارائن ریڈی ‘ اشوتھ گوڑا اور رایا گوڑا کے مکانات پر ہاسن میں بھی کئے گئے ۔ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ریونا کے فرزند و سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے نواسے پراجول کرناٹک میں ہاسن لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان حملو ںکی مذمت کرتے ہوئے چیف منسٹر کرناٹک ایچ ی کمارا سوامی نے ٹوئیٹ کیا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کے حقیقی سرجیکل حملے اب سامنے آ رہے ہیں۔ وہ آئی ٹی محکمہ کو استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک عہدیدار بالاکرشنا کو دستوری عہدہ کی پیشکش سے وزیر اعظم کو اپنے انتقامی کھیل میں مدد مل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی قابل مذمت بات ہے کہ سرکاری مشنری اور بدعنوان عہدیداروں کا استعمال کرتے ہوئے انتخابات کے وقت میں مخالفین کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ ایک خانگی چینل سے بات کرتے ہوئے جے ڈی ایس لیڈر پٹا راجو نے کہا کہ انکم ٹیکس اور سی آر پی ایف عملہ کی تین ٹیموں نے ان کی چناکورلی قیامگاہ پر مانڈیا میں اور ان کے بھانجے کی قیامگاہ واقع میسورو پر دھاوے کئے ہیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کمارا سوامی نے ایک دن قبل ہی یہ اندیشے ظاہر کئے تھے کہ انتخابات میں ہراساں کرنے کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین کے گھروں پر انکم ٹیکس کے دھاوے کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ملک کے مختلف مقامات سے سی آر پی ایف اہلکاروں کو یہاں لا کر دھاوا کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ جمعرات کی صبح ہی کانگریس اور جے ڈی ایس قائدین کے گھروں پر آئی ٹی دھاوے ہوسکتے ہیں اور اس کام کیلئے کرناٹک پولیس کی خدمات حاصل کرنے کی بجائے سی آر پی ایف عملہ لایا جاسکتا ہے ۔ پٹا راجو نے کہا کہ آئی ٹی عہدیداروں اور سی آر پی ایف جوانوں کی تین ٹیموں نے دھاوے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح کے دھاووں سے خوفزدہ نہیں ہیں بلکہ اس کے برخلاف اس سے ان میں حوصلے مزید بڑھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس طرح کے دھاووں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ۔ وہ ڈرنے والے نہیں ہیں۔ یہ ساری کارروائیاں انتخابات سے متعلق ہیں۔ ہو جاننا چاہتے ہیں کہ کرناٹک میں کسی بی جے پی لیڈر کے مکان کی تلاشی ہوئی ہے ؟ ۔