کشمیر: ماہ رمضان میں کھجوروں کی خریداری میں ایک بار پھراضافہ

   

سری نگر : وادی کشمیر میں دو برسوں کے بعد امسال ماہ مبارک رمضان کے دوران ایک بار پھر مختلف قسموں کے کھجوروں کی خرید و فروخت میں اضافہ درج ہونے لگا ہے ۔بتادیں کہ کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ دو برسوں کے دوران ماہ رمضان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے بازار بند رہنے سے جہاں تمام تر شعبہ ہائے حیات متاثر ہوئے وہیں کھجوروں کا تجارت بھی ٹھپ ہوکر رہ گیا تھا۔وادی میں یوں تو سال بھر مختلف قسموں کے کھجور دکانوں پر دستیاب رہتے ہیں اور لوگ ان کو خرید بھی لیتے ہیں لیکن ماہ صیام کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی وادی کے بازاروں میں مختلف قسموں کے کھجوروں سے سجائے ہوئے ریڑھیاں بھی نمودار ہونے لگتی ہیں جہاں افطار سے قبل لوگوں کی بھیڑ لگی رہتی ہے ۔