کلگام میں انکاؤنٹر:حزب المجاہدین کے 4جنگجو ہلاک

   

سری نگر، 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام کے کھور بٹہ پورہ منزگام میں ہفتہ کی علی الصبح ہونے والے ایک تصادم میں حزب المجاہدین سے وابستہ 4 جنگجو مارے گئے ۔جموں وکشمیر پولیس کا دعویٰ کیا ہے کہ جنگجوئوں کا یہ گروپ جنوبی کشمیر میں ہونے والی حالیہ شہری ہلاکتوں میں ملوث تھا۔ منزگام کلگام کے ہردہ مند گوری کھور بٹہ پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ، فوج کی 34 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو ہفتہ کی علی الصبح محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک رہائشی مکان میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی جنہوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا۔ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے اس رہائشی مکان کو دھماکہ خیز مواد سے زمین بھوس کیا جس میں جنگجو موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تین جنگجوئوں کی لاشیں برآمد کی گئیں جبکہ بعد ازاں چوتھے جنگجو کی لاش مکان کے ملبے کے نیچے سے برآمد کی گئی۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جنگجو مخالف آپریشن اختتام کو پہنچا ہے اور علاقے میں اب کامبنگ آپریشن شروع کیا گیا ہے تاکہ پھٹنے سے رہ گئے بارودی مواد کو ناکارہ بنایا جاسکے ۔جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا کہ حزب المجاہدین کے جنگجوئوں کا یہ گروپ جنوبی کشمیر میں گذشتہ 12 دنوں کے دوران ہونے والی چار شہری ہلاکتوں میں ملوث تھا۔پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہنڈل پر مزید کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز ان کی لوکیشن کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوئی اور ایک مشترکہ آپریشن میں سبھی چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا۔دریں اثنا سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کھور بٹہ پورہ میں ہونے والے تصادم میں چار جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تصادم کی جگہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔