کم عمر لڑکی کا جنسی استحصال، چاٹ بھنڈار کا مالک گرفتار

   

حیدرآباد۔/23مئی ، ( سیاست نیوز) شاہ عنایت گنج پولیس نے کم عمر لڑکی کے جنسی استحصال میں ملوث ایک چاٹ بھنڈار کے مالک کو گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر شاہ عنایت گنج محمد چاند باشا کے بموجب بیگم بازار میں واقع نورتن چاٹ بھنڈار کے مالک نورتن اندوریا نے 14 سالہ کم عمر لڑکی جو اکثر اس کے چاٹ بھنڈار کو آیا کرتی تھی کو ہوس کا نشانہ بناتے ہوئے اس سے دو سال سے تعلقات قائم کرلئے تھے۔ نورتن اندوریا مبینہ طور پر لڑکی سے گزشتہ دو سال سے جنسی استحصال کررہا تھا۔ اس گھناؤنی حرکت کا پتہ لڑکی کی ماں کو چلنے پر اس نے شاہ عنایت گنج پولیس میں ایک شکایت درج کروائی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا اور متاثرہ لڑکی کو طبی معائنہ کیلئے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا۔ شاہ عنایت گنج پولیس نے بتایا کہ نورتن اندوریا کو پوسکو ایکٹ اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور اسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔