کنٹونمنٹ کے مسائل کا حل ریاستی حکومت سے ممکن

   

لوک سبھا میں ٹی آر ایس رکن بی بی پاٹل کی توجہ دہانی
حیدرآباد۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن بی بی پاٹل نے سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں سڑکوں کی توسیع اور دیگر مسائل کو لوک سبھا میں پیش کیا۔ وقفہ صفر کے دوران بی بی پاٹل نے کہا کہ کنٹونمنٹ علاقہ میں سڑکوں کی توسیع کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کا علاقہ تیزی سے پھیل رہا ہے اور آبادی میں اضافہ کے سبب بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کی ذمہ داری میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کنٹونمنٹ علاقہ کی سڑکیں کئی اہم شہروں سے مربوط ہیں۔ برقی ٹریفک کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے حکام نے بعض سڑکوں پر تحدیدات عائد کی ہیں۔ کنٹونمنٹ علاقہ ہونے کے سبب ریاستی حکومت مداخلت کرنے سے قاصر ہے۔ تلنگانہ حکومت نے سڑکوں کی توسیع کے علاوہ فلائی اوور اور بریجس کی تعمیر کا پیشکش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں بعض علاقوں میں سیول ٹریفک پر پابندی کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات پیش آرہی ہے ۔ کئی مواقع پر عوام کی عہدیداروں کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔ وزارت دفاع سے خواہش کی گئی کہ وہ مقامی مسائل کے حل کے لئے حکومت سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے تعاون سے کنٹونمنٹ علاقوں کی ترقی ممکن ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سڑکوں پر تحدیدات کی مخالفت کرتے ہوئے ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کنٹونمنٹ علاقہ کو پانی اور برقی کی سربراہی بند کرنے کا انتباہ دیا تھا۔ ر