کورونا انفیکشن کی صورتحال کی بنیاد پر سرگرمیوںکیلئے مرکزکا مشورہ

   

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ انفیکشن کے معاملوں میں کمی کے پیش نظر وہ مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں اور مختلف معاشی، سماجی، سیاسی اور مذہبی اور دیگر سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ صرف مقامی حالات کے خطرے کی تشخیص کی بنیاد پر کریں۔مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے جمعہ کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں کو ایک خط لکھا اور یہ بھی کہا کہ کووڈ مینجمنٹ سے متعلق رہنما خطوط جیسے ماسک پہننا، سماجی فاصلہ برقرار رکھنا، عوامی مقامات پر نہ تھوکنا، بار بار ہاتھ دھونا وغیرہ پورے ملک میں 31 مارچ تک نافذ ہوگا۔ اس کے علاوہ انفیکشن کے معاملوں کی نگرانی، ویکسینیشن اور تحقیقات کی حکمت عملی بھی مسلسل جاری رہے گی۔خط میں کہا گیا ہے کہ انفیکشن کے معاملوں میں کمی کے پیش نظر تمام ریاستیں مختلف قسم کی سرگرمیاں کھولنے جا رہی ہیں۔ انفیکشن کے مختلف قسم کی پابندیاں ہٹاتے وقت ان باتوں کو بھی ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ریاستوں کو بتایا گیا ہے کہ 18 فروری کو صحت و خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزارت کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سماجی، کھیل، تفریح، تعلیمی، ثقافتی، مذہبی، تہواروں کے ہجوم، رات کے کرفیو کو روکنے کا فیصلہ کریں۔ پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ کمپلیکس، سنیما ہال، جم، اسپاس، ریستوراں اور بار، اسکول، کالج، دفاتر اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں۔