کورونا متاثرین اور دیگر مریضوں کیلئے ہیلپ ڈیسک کے قیام کا مطالبہ

   

مریضوں کو شریک کرنے میں ہاسپٹلس کی کوتاہی، کورونا سے زیر علاج نارائن ریڈی کا تاثر

حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے کورونا سے متاثرین اور دیگر امراض کے شکار افراد کیلئے حکومت کی جانب سے انٹیگریٹیڈ ہیلپ ڈیسک کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی ترجمان جی نارائن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں وائرس کے کیسس میں تیزی سے اضافہ کے بعد صحت کو لیکر عوام میں کافی اُلجھن پائی جاتی ہے۔ عوام وائرس سے بچاؤ کے سلسلہ میں احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں معلومات کی کمی کا شکار ہیں۔ حیدرآباد میں گذشتہ چند دنوں کے دوران اموات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ہاسپٹلس مریضوں کو شریک کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاوہ دیگر امراض کا شکار افراد کو بھی سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس بستروں کی کمی کی بہانہ بناکر علاج کے بغیر موت کے منہ میں ڈھکیل رہے ہیں۔ نارائن ریڈی جن کا کورونا کا علاج شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں جاری ہے کہاکہ حکومت کے منظورہ صرف چند ہاسپٹلس کورونا کے مریضوں کو شریک کررہے ہیں۔ حکومت کی فہرست میں شامل بعض ہاسپٹلس کا رویہ مریضوں کے حق میں نہیں۔ بستروں اور آئی سی یو کی سہولتوں میں کمی کا بہانہ بناکر عوام کو گھر جانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ سینئر ڈاکٹرس کی نگرانی میں ہیلپ ڈیسک قائم کرے تاکہ ہیلت ایمرجنسی کی صورت میں رہنمائی کی جاسکے۔ ہیلپ ڈیسک میں سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں موجود سہولتوں اور بستروں کی تعداد کی مکمل تفصیلات ہونی چاہیئے۔ ہیلپ ڈیسک کو فون آتے ہی وہاں سے مریض کی حالت اور علاج کی سہولتوں کے اعتبار سے قریبی ہاسپٹل کی رہنمائی کی جائے۔ ہیلپ ڈیسک میں ایمبولنس کا بھی انتظام کیا جائے اور مریضوں کی روانگی سے قبل متعلقہ ہاسپٹلس کو اطلاع دی جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ خانگی ہاسپٹلس کو کورونا مریضوں کے سیمپلس آئی سی ایم آر سے منظورہ لیباریٹریز کو روانہ کرنے کی اجازت دے۔