کورونا مریضوں میں اضافے کے سبب آکسیجن سلنڈرس کی قلت کا اندیشہ

   

علاج کی طرح خانگی نرسنگ ہومس ودیگر مقامات پر بھی آکسیجن کی سہولت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ۔ سرکاری مرکز کا قیام ناگزیر

حیدرآباد : شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے مریضوں کے سبب پیدا شدہ صورتحال اور نمونیا کے مریض کو درکار آکسیجن سیلنڈرس کے سبب آکسیجن کی قلت کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے اور گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران شہر حیدرآباد میں آکسیجن سیلنڈرس کی طلب میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کیلئے استعمال کئے جانے والے سیلنڈرس کی مانگ میں ریکارڈ کئے جانے والے اچانک اضافہ کے سبب سپلائی کرنے والی ایجنسیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ساتھ ہی جن مریضوں کو فوری آکسیجن کی ضرورت محسوس ہورہی ہے انہیں بھی سنگین حالات سے گذرنا پڑرہا ہے ۔ دواخانوں میں آکسیجن بیڈس اور وینٹیلیٹر بیڈس موجود نہ ہونے کے سبب کئی مریض جنہیں آکسیجن کی ضرورت محسوس ہورہی ہے وہ گھروں میں آکسیجن سلنڈر لگانے لگے ہیں جبکہ شہر کے کئی غیر تعلیم یافتہ افراد اوران ہنگامی حالات سے ناواقف لوگوںکو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جس طرح خانگی کارپوریٹ دواخانوں کو کورونا وائرس کے علاج و معالجہ کی اجازت فراہم کی گئی ہے ، اگر اسی طرح خانگی نرسنگ ہومس اور دیگر مقامات پر مفت آکسیجن کی سہولت کی فراہم کی اجازت دی جاتی ہے تو شہر میں کئی مقامات پر آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد سے تعلق رکھنے والی کئی غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے اس بات پر غور کیا جارہا ہے کہ جن لوگوں کو آکسیجن کی ضرورت پڑ رہی ہے ۔ انہیں کسی دواخانہ کی پارکنگ یا وہیل چیئر پر آکسیجن دینے سے بہتر کسی شادی خانہ ، کالج یا اسکول کی عمارت میں آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں لیکن محکمہ صحت کی جانب سے مفت آکسیجن کی فراہمی کے مرکز کے قیام کیلئے بھی اجازت کے لزوم کے سبب اب تک شہر میں کوئی ایسا مرکز قائم نہیں کیا جاسکا ہے ۔ اس طرح کے مرکز کے قیام کا منصوبہ رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں الگ تھلک رہنے اور آکسیجن استعمال کرنے کی جن مریضوں کو بعد تشخیص ہدایت دی جارہی ہے اگر شہر کے مختلف مقامات پر ان کیلئے یہ سہولت فراہم کی جاتی ہے تو ایسے میں آکسیجن نہ ملنے کی سبب ہونے والی اموات میں کمی واقع ہوگی اور ان مراکز میں مریضوں کے آکسیجن کی سطح کی مسلسل جانچ کی جاسکتی ہے ۔ حکومت کی جانب سے غیر سرکاری تنظیموں کو آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کی اجازت میں تاخیر کے بغیر فیصلہ کرنے کے علاوہ شہر اور ریاست کے سرکاری کالجس و اسکول کی عمارتوں کو آکسیجن کی سہولت کی فراہمی کے مراکز کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت دی جائے ۔