ممبئی : ریاست مہاراشٹرا بالخصوص ممبئ میں اس ماہ کے آخر یا فروری کے اوئل میں کرونا کے معاملات میں اضافے کی پیشن گوئی اور اس کے خدشات کو لیکر محکمہ صحت نے جنگی پیمانے پر اقدامات کرنا شروع کر دئے ہیں اور ریاست اس کے لئے مکمل طور پر تیار ہے -ان خیالات کا اظہار محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر پر دیپ ویاس نے خبر رساں ایجنسی یو این آئی اردو سروس سے گفتگو کے دوران کیا -انہوں نے کہا کہ ریاستی محکمہ صحت نے اس ضمن میں گزشتہ کل اپنی ایک تفصیلی رپورٹ وزیراعلی کے روبرو پیش کی تھی جس پر کل ریاستی کابینہ کی ہوئی ہفتہ واری میٹنگ میں بھی بحث ہوئی اور موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا گیا-انہوں نے کہا کہ فی الوقت ریاست میں طبی آکسیجن کی ضرورت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے نیز موجودہ درکار مقدار 400 میٹرک ٹن ہے اور اگر اس کی مانگ بڑہ کر 700 میٹرک ٹن ہو جاتی ہے ، تو ریاست کو سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتاہے واضح رہیکہ اس تعلق سے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے بھی اپنی ایک آن لائن میٹنگ کے دوران موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ، ضلعی انتظامیہ کو ٹیکہ کاری مہم ویکسینیشن کو تیز کرنے کے اقدامات پر زور دیا تھا۔