کورونا وائرس ، صفائی پر شہریوں کی توجہ اچھی تبدیلی

   

وقفہ وقفہ سے ہاتھ دھونے پر توجہ، گرما سے قبل ہی پانی کی قلت کی شکایت
حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس سے خوفزدہ عوام میں یہ ایک اچھی تبدیلی دیکھی گئی ہے کہ اب وہ صحت و صفائی کا پہلے سے کہیں زیادہ خیال کرنے لگے ہیں۔بالخصوص وقفہ وقفہ سے ہاتھ دھونے لگے ہیں جو پہلے اس حد تک بکثرت نہیں کیا کرتے تھے۔ لیکن شہر کے بعض حصوں بالخصوص مغربی علاقوں مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ انہیں روز مرہ کے استعمال کیلئے خاطر خواہ پانی دستیاب نہیں ہورہا ہے۔ منی کنڈہ، الکا پوری اور فینانشیل ڈسٹرکٹ میں پانی کی موثر سربراہی نہ کئے جانے کی شکایات ملی ہیں۔ علاوہ ازیں وہاں زیر زمین پانی کی سطح بھی تشویشناک حد تک نیچے پہنچ چکی ہے۔ ان شکایت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حیدرآباد آبرسانی و سیوریج بورڈ ( ایچ ایم ڈبلیو ایس ایس بی ) کے ذمہ داران نے کہا ہے کہ اب کہیں بھی پانی کی کوئی قلت نہیں رہے گی۔ شہر کے اطراف تمام مواضعات کو خاطر خواہ مقدار میں پانی سربراہ کی جائے گا۔ مضافاتی علاقوں کے عوام کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے آغاز سے قبل انہیں پانی دستیاب نہیں ہے اور موسم شدت اختیار کرنے کے بعد شدید قلت درپیش رہے گی۔