کورونا وائرس ‘ تلنگانہ بی جے پی کے دفتر تک پہونچ گیا

,

   

پانچ ارکان عملہ پازیٹیو پائے گئے ۔ سینئر قائدین وغیرہ میں ہلچل ۔ صفائی کے انتظامات
حیدرآباد۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی دفتر میں کورونا کے 5 مریضوں کی توثیق کے بعد پارٹی قائدین میں الجھن پیدا ہوچکی ہے اور پارٹی کے سرکردہ قائدین جنہوں نے حالیہ عرصہ میں پارٹی دفتر کا دورہ کیا یا جو قائدین کورونا وائرس کا شکار پائے گئے ہیں ان سے رابطہ میں آئے ہیں ان کے کورونا معائنوں کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی دفتر میں چند یوم قبل 40 افراد کا کورونا وائرس کا معائنہ کیا گیا تھا جن میں 5 کے معائنوں کے مثبت پائے جانے کے بعد پارٹی قائدین اور دفتر کے عملہ میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوچکا ہے۔ دفتر میں کورونا کے مریضوں کی توثیق کے بعد پارٹی کے دفتر کی مکمل صفائی کے اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے اور جن لوگوں کے معائنوں میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے انہیں فوری قرنطینہ اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان میں کوئی علامات نہیں پائی جا رہی تھیں لیکن پارٹی کی جانب سے کروائے گئے کورونا معائنوں میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ دفتر میں 5 کورونا وائرس کے مثبت مریض موجود ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ علامات نہ ہونے کے سبب انہیں گھریلو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اگر دوران قرنطینہ ان میں علامات ظاہر ہوتی ہیں یا انہیںطبی مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو ایسی صورت میںانہیں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔