کورونا وائرس کے سلسلہ میں تلنگانہ کی صورتحال قابو میں: ہریش رائو

   

احتیاطی تدابیر جاری رکھنے کا مشورہ، شہر کو سبزیوں کی منتقلی کے اقدامات
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش رائو نے کہا کہ کورونا وائرس کے معاملے میں تلنگانہ خوش قسمت ہے اور یہاں صورتحال پوری طرح قابو میں ہے۔ ہریش رائو نے آج سدی پیٹ میں مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈائون پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں نظم و نسق کے اقدامات پر معلومات حاصل کیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ لاک ڈائون کے نتیجہ میں اشیائے ضروریہ کی سربراہی متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں شہری علاقوں میں ترکاری کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دیہی علاقوں میں قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ دیہی علاقوں میں ترکاری کی قیمتوں میں گراوٹ کے سبب کسانوں کو نقصان کا سامنا ہے۔ کسان اپنی پیداوار دیگر اضلاع یا شہری علاقوں میں منتقل کرنے سے قاصر ہیں۔ حیدرآباد میں مرچ 100 روپئے اور ٹماٹر 50 روپئے فی کیلو فروخت ہورہا ہے۔ اگریکلچر ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے ترکاری اور دیگر پیداوار کی منتقلی کے لیے گاڑیوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ کسی گائوں سے ایک کسان اور ایک سرکاری ملازم کو بوئن پلی مارکٹ جانے کی اجازت دی جارہی ہے تاکہ ترکاری اور دیگر اشیاء فروخت ہوسکے۔ ہریش رائو نے کہا کہ حیدرآباد کے شہریوں کو ترکاری فراہم کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق ہر شخص کو تحدیدات پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ تلنگانہ میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے لیکن ہمیں بدستور چوکسی اور احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ ذراسی غفلت صورتحال کو بگاڑسکتی ہے۔ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ طبی اعتبار سے تمام احتیاطی قدم اٹھائے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ کوئی بھی شخص اگر قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے پولیس کے حوالے کیا جانا چاہئے۔ ہریش رائو نے سدی پیٹ ڈگری کالج میدان میں قائم کردہ ویجیٹبل مارکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کیں۔ کسانوں نے شکایت کی کہ انہیں پیداوار کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے۔ ہریش رائو نے تیقن دیا کہ وہ ترکاری حیدرآباد منتقل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر ہریش رائو نے کسانوں میں ماسک مفت تقسیم کئے۔