خیرت آباد میں 50 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل اور 12 تا 14 سال عمر کے بچوں کی ٹیکہ اندازی پروگرام کا افتتاح
حیدرآباد۔ 16 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا کا اثر کم ہوا ہے تاہم وباء کا خطرہ ہنوز برقرار ہے۔ تمام لوگ کورونا ویکسین لیتے ہوئے حکومت سے تعاون کریں۔ اسمبلی حلقہ خیرت آباد کے حدود میں 50 بیڈس پر مشتمل سی ایچ سی ہاسپٹل کے علاوہ 12 تا 14 سال عمر کے بچوں کے لئے ٹیکہ اندازی مہم کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ نیشنل ویکسینیشن ڈے کے موقع پر 12 تا 14 سال عمر کے بچوں کو ویکسین دیتے ہوئے بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ کورونا کی تیسری لہر ختم ہوگئی، سوچ کر ٹیکہ اندازی مہم کو ہرگز نظرانداز نہ کریں۔ چین، امریکہ، ہانگ کانگ میں کورونا کے نئے کیسیس منظر عام پر آرہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے بھی دنیا کے تمام ممالک کو متحرک رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کورونا سے لڑائی میں حیدرآباد کا اہم رول رہا ہے۔ ملک میں تیار ہوئی تین ویکسین میں دو ویکسین حیدرآباد میں تیار ہوئے ہیں۔ بچوں کا ویکسین تیار کرنے پر وزیر صحت نے بائیولاجیک ادارہ کے ایم ڈی مہیما دائلا کو مبارکباد پیش کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں فرسٹ ڈوز ویکسینیشن 106 فیصد اور سکنڈ ڈوز 97 فیصد مکمل ہوا ہے۔ والدین کی ذمہ داری ہیکہ وہ بچوں کو ٹیکہ دلاتے وقت ساتھ رہیں۔ ریاست میں 12 تا 14 سال عمر کے 17 لاکھ بچے ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ آج سے 60 سال عمر مکمل کرنے والے تمام افراد کو بوسٹر ڈوز دیا جارہا ہے۔ ہماری تجویز کو مرکزی حکومت نے قبول کی ہے۔ ٹیکہ لینے والوں میں کورونا کا اثر کم دیکھا گیا اور شرح اموات بھی گھٹی ہے۔ سروے میں اس کا انکشاف ہوا ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو، مقامی ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے علاوہ ٹی آر ایس کے کارپوریٹرس بھی موجود تھے۔ ن