کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے 112 سرکاری ہاسپٹلس میں انتظامات

   

۔ 28 ہزار کے منجملہ 25 ہزار بیڈس کو آکسیجن کی سہولت ، آکسیجن کی پیداواری گنجائش میں اضافہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : کورونا بحران کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران تلنگانہ میں جو تباہ کاریاں ہوئی اس کا جائزہ لینے کے بعد تلنگانہ حکومت نے کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی ہیں ۔ ریاست کے 112 سرکاری ہاسپٹلس میں جملہ 27,996 بیڈس کو تیار رکھا گیا ہے ۔ جس میں 25,390 بیڈس کو آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے اندرون ایک ہفتہ ماباقی بیڈس کو بھی آکسیجن کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ہر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر گورنمنٹ ہاسپٹل میں آکسیجن پیداوار کے پلانٹس قائم کئے گئے ہیں ۔ ماضی میں روزانہ 137 میٹرک ٹن آکسیجن پیداوار کی گنجائش تھی اب اس کو 327 میٹرک ٹن تک بڑھایا گیا ہے ۔ 27 کنٹیزس کے ذریعہ 540 میٹرک ٹن کی گنجائش کو تیار رکھا گیا ہے ۔ تمام سرکاری ہاسپٹلس میں بچوں کے لیے 5200 آکسیجن پر مشتمل خصوصی بیڈس تیار رکھے گئے ہیں ۔ حیدرآباد میں کورونا کے کیس زیادہ ہونے کی وجہ سے 6 ہاسپٹلس میں 792 اضافی بیڈس کا انتظام کرتے ہوئے انہیں بھی آکسیجن کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ تمام سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ ٹیچنگ ہاسپٹلس کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے ساتھ ادویات کا اسٹاک تیار رکھا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ حالت پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ عہدیداروں سے رابطے میں رہتے ہوئے تازہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجہ راؤ نے بتایا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کا سامنا کرنے کا گاندھی ہاسپٹل کو تجربہ ہے ۔ تیسری لہر کا مزید اچھی طرح سے سامنا کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔ فی الحال ہاسپٹل کے تمام شعبوں میں ماہرین ڈاکٹرس کی خدمات موجود ہے ۔ ہاسپٹل میں پہلے سے دو آکسیجن کے پلانٹس تھے مزید 6 پلانٹس قائم کئے گئے ہیں ۔۔ ن