کورونا کے نام پر سائبر دھوکہ دہی ، عوام کو چوکسی کی ہدایت

   

نئی دہلی۔ کورونا وائرس سے متعلق معلومات کی فراہمی کے نام پر سائبر دھوکہ دہی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور ای۔ میل کے ذریعہ معصوم عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ حکومت نے اس قسم کے ای۔ میلس سے چوکس رہنے کی عوام کو ہدایت دی ہے۔ حکومت کی نئی اڈوائزری میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ہدایات یا رہنمایانہ خطوط کے نام پر دھوکہ دیا جارہا ہے۔ انفرادی طور پر اور تجارتی تنظیموں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ Cert-In کے مطابق ہندوستان میں سائبر حملوں کا شدید خطرہ لاحق ہے۔ اس قسم کے سائبر حملوں کے ذریعہ سرکاری تنظیموں کو بھی نشانہ بناکر حساس شخصی ڈیٹا اور مالی معلومات کا سرقہ کیا جاسکتا ہے۔ 21 جون سے اس قسم کے سائبر حملوں کی توقع کی جارہی ہے۔ فرضی ویب سائٹ کے ذریعہ مختلف فائیلس ڈاؤن لوڈ کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے دھوکہ دے کر شخصی اور مالی معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔ ای۔ میلس کے ذریعہ اہم شخصی معلومات بشمول بینک سے متعلق تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں اور دھوکہ دیا جاتا ہے۔اڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ سائبر کریمنلس فری کووڈ ٹسٹنگ کے نام پر دہلی، ممبئی، حیدرآباد، چینائی اور احمدآباد کے رہنے والوں کو ای ۔ میلس بھیجنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔