کونسل انتخابات میں کراس ووٹنگ کے خطرات

   

تلگودیشم کے ایک اور کانگریس کے تین ارکان کا موقف شکوک

حیدرآباد یکم / مارچ ( این ایس ایس ) قانون ساز کونسل میں رکن اسمبلی کوٹہ کے تحت ہونے والے انتخابات میں کانگریس کے امیدوار گڈور نارائن ریڈی کے معاملہ میں کراس ووٹنگ کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے پاس درکار ووٹ موجود ہیں ۔ اس طرح ان کی کامیابی یقینی ہے ۔ ان کے انتخاب میں تلگودیشم کے دونوں ارکان اسمبلی کے ووٹ بھی ضروری ہیں‘‘ ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اشوا راؤ پیٹ سے منتخب تلگودیشم پارٹی کے رکن ا سمبلی ناگیشور راؤ کانگریس کے امیدوار کو ووٹ دیں گے ۔ لیکن ستہ پلی سے منتخب تلگودیشم کے دوسرے رکن سنڈرا ویکنٹ ویریا ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانگریس کو ووٹ دینے سے پس و پیش کرسکتے ہیں ۔ ویریا لگاتار تیسری معیاد کیلئے منتخب ہوئے ہیں ۔ اس مرتبہ وہ تلگودیشم کے ٹکٹ پر منتخب ہونے کے باوجود کانگریس اور تلگودیشم دونوں ہی جماعتوں سے یکساں دوری اختیار کر رہے ہیں ۔ کانگریس کے چند دیگر ارکان سبیتا اندرا ریڈی ، جگا ریڈی اور وانما وینکٹیشور راؤ کی طرف سے موقف تبدیل کرنے کے اشارے ملے ہیں ۔ ایک امیدوار کو کامیابی کیلئے 21 ووٹ درکار ہیں ۔ ٹی آر ایس چار نشستوں پر مقابلہ کر رہی ہے ۔ پانچویں نشست مجلس کیلئے چھوڑ دی گئی ہے ۔ مجلس کے امیدوار کی کامیابی کیلئے ان کی جماعت اور ٹی آر ایس ارکان کے باقی ووٹوں کے بعد مزیدچار ووٹوں کی کمی ہے ۔