کوہلی کو آئی سی سی کا انتباہ ،ایک ڈی میرٹ نشان

   

دبئی ۔24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی سرزنش کی ہے۔ بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میںکوہلی جنوبی افریقہ بیٹسمین بیورن ہینڈرکس سے جان بوجھ کر نامناسب طریقے سے ٹکرائے تھے جس پر آئی سی سی نے ان کی سرزنش کی اور ایک ڈی میرٹ نشان بھی دیا ۔کوہلی کو انتباہ دیتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ان کے کھاتے میں شامل کر دیا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوہلی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی شق 2.12 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس پر ان کی سرزنش کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دے دیا گیا ہے۔ستمبر 2017 سے ڈی میرٹ پوائنٹ کا قانون متعارف کروائے جانے کے بعد سے لے کر اب تک کوہلی کے منفی پوائنٹس کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ یاد رہے جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ کے پانچویں اوور کے دوران کوہلی رن لیتے ہوئے جان بوجھ کر جنوبی افریقی بولر ہینڈرکس کے کندھے سے ٹکرائے تھے اور میدان پر موجود امپائرز نے انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ۔ کوہلی نے میچ ریفری رچی رچرڈسن کی جانب سے دی گئی اس سزا کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔ سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ہندوستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔