کویتا کو ٹی آر ایس کی کارگذار صدر بنائے جانے کا امکان

   

کے ٹی آرکی کابینہ میں شمولیت کی پیش قیاسیاں،تنظیمی ردوبدل بھی ممکن

حیدرآباد۔28اگسٹ(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چند رشیکھر راؤ کی دختر کے کویتا کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کا کارگذار صدر بنایا جائے گا! پارٹی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ موجودہ کارگذار صدر و رکن اسمبلی سرسلہ کے ٹی راما راؤ کو ریاستی کابینہ میں شامل کئے جانے کی صورت میں پارٹی کی قیادت ان کی بہن کے کویتا کے حوالہ کئے جانے کا امکان ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ کے کویتا جو کہ نظام آباد سے بھارتیہ جنتا پارٹی رکن پارلیمنٹ ڈی اروند سے شکست کے بعد مکمل طور پر خاموش رہی ہیں اب چاہتی ہیں کہ کے ٹی راما راؤ کو کابینہ میں شامل کئے جانے کی صورت میں پارٹی کے کارگذار صدر کی حیثیت سے انہیں منتخب کیا جائے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کے کویتا ریاستی سیاست میں سرگرم رہنے کے حق میں نہیں ہے اسی لئے وہ تنظیمی امور کی نگرانی حاصل کرنے کے لئے تیار ہیں اور خود ان کے والد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی اس بات کے حق میں ہیں کہ وہ پارٹی امور سنبھالیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ سال ماہ اپریل کے دوران ریاست تلنگانہ میں دو راجیہ سبھا کی نشستیں خالی ہونے والی ہیں اور ان نشستوں پر تلنگانہ راشٹر سمیتی کا قبضہ یقینی ہے اسی لئے کہا جا رہاہے کہ ٹی آر ایس پہلے کے کویتا کو پارٹی کا کارگذار صدر بنائے گی اور آئندہ برس ماہ اپریل میں خالی ہونے والی راجیہ سبھا نشست پر کامیاب بناتے ہوئے انہیں دہلی روانہ کردیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں جو دو راجیہ سبھا کی نشستیں خالی ہونے جا رہی ہیں ان میں ایک نشست پرچیف منسٹر اپنی دختر اور دوسری نشست پر بی وند کمار کو کامیاب کروانا چاہتے ہیں ۔