نظام آباد۔ 30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی الیکشن کمیشن نے کے کویتا کی جانب سے پیش کردہ درخواست پر غور کرتے ہوئے ’’تلنگانہ رکھشنا سینا‘‘ کے نام کو منظوری دیتے ہوئے اسے مختص کر دیا ہے، جس کے باعث ٹی آر ایس نام کو باضابطہ طور پر منظوری حاصل ہو گئی۔ اس پیشرفت کو ریاستی سیاسی حلقوں میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کویتا نے مختلف ناموں جیسے تلنگانہ پرجا جاگرتی، تلنگانہ جاگرتی، تلنگانہ رکشنا سینا، تلنگانہ ریاست جاگرتی اور تلنگانہ پراجا شکتی کے ساتھ نئی سیاسی جماعت کے قیام کے لیے مرکزی الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ درخواست میں تیسرے نمبر پر شامل ”تلنگانہ رکشنا سینا” نام کو کمیشن نے منظور کرتے ہوئے اس پر اپنی مہر لگا دی ہے ،ذرائع کے مطابق کویتا کی رہائش گاہ پر الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے باضابطہ منظوری کا مکتوب حوالے کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ رکشنا سینا کے قائدین نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کویتا کے حق میں ایک اہم پیشرفت ہے اور اس سے ریاستی سیاست میں نئی سمت متعین ہونے کی توقع ہے۔