نیوز ایڈیٹر سیاست نے کوئی عہدہ طلب نہیں کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 11 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس نے تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد مسلمانو ںکو ان کا جائزحصہ فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی ۔ پارٹی ہائی کمان بالخصوص صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کی ہدایت پر پارٹی نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان کو رکن قانون ساز کونسل نامزد کیا ہے جبکہ وہ اس عہدہ کے طلب گار نہیں تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ’یوم تعلیم و یون اقلیتی بہبود‘ سے خطاب کے دوران یہ انکشاف کیا اور کہا کہ جناب عامر علی خان کو ہائی کمان کی جانب سے ہدایت پر رکن کونسل نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 4 ارکان کونسل کی نامزدگی کا جب مسئلہ آیا تو کانگریس نے ایک مسلم چہرہ کو رکن کونسل کے طور پر منتخب کیا اور جناب عامر علی خان کو اس عہدہ کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا حالانکہ وہ رکن کونسل کا عہدہ طلب نہیں کر رہے تھے اور نہ انہوں نے کوئی کوشش کی ۔ریونت ریڈی تلنگانہ میںکانگریس کا ایک بھی مسلم رکن اسمبلی منتخب نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس سے ناراض ہیں کہ پارٹی سے ٹکٹ دیئے جانے کے باوجود ایک بھی مسلمان کو ووٹرس نے کامیاب نہیں کیا لیکن اس کے باوجود کانگریس مسلمانوں کی نمائندگی کو بہتر بنانے اقدامات میں مصروف ہے۔انہوں نے علاقائی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ شیروانی پہن کر ‘ بریانی اور قوبانی کھاتے ہوئے دو اشعار کہتے ہوئے مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کرتے ہیں اسی لئے ان کے جھانسے میں آنے کی بجائے قومی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرنے اور انہیں ان کے حقوق پہنچانے والی کانگریس کا ساتھ دیں۔3