کھٹر کو تشکیل حکومت کی دعوت ‘ آج حلف برداری

   

چندی گڑھ 26 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ کے گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ نے بی جے پی کو ریاست میں نئی حکومت تشکیل دینے کیلئے مدعو کیا ہے ۔ پارٹی کے منتخب چیف منسٹر منوہر لال کھٹر نے یہ بات بتائی ۔ واضح رہے کہ آج دن میں بی جے پی مقننہ پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں منوہر لال کھٹر کو اپنا لیڈر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ اس کے بعد کھٹر نے گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست میں تشکیل حکومت کا ادعا پیش کیا تھا ۔ بی جے پی ریاست میں دشئینت چوٹالہ کی قیادت والی جن نائک جنتا پارٹی کی تائید سے حکومت تشکیل دے گی ۔ کہا گیا ہے کہ حلف برداری کی تقریب اتوار کو منعقد ہوگی ۔ کھٹر نے گورنر سے راج بھون میں ملاقات کے بعد بتایا کہ ہریانہ گورنر نے انہیں اتوار کو حکومت تشکیل دینے کیلئے مدعو کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تقریب حلف برداری اتوار کو 2.15 بجے منعقد ہوگی ۔ اسی دن سارے ملک میں دیوالی منائی جاتی ہے ۔ کھٹر نے کہا کہ دشئینت چوٹالہ بھی کل کی تقریب میں بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر حلف لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے 40 ‘ جے جے پی کے 10 اور سات آزاد ارکان کی تائید والے مکتوب انہوں نے تشکیل حکومت کے ادعا کے ساتھ گورنر کو پیش کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر نے انہیں قبول کرتے ہوئے حکومت سازی کی دعوت دی ہے ۔