کھڑگے نے رام مندر کے افتتاح پر شاہ کے اعلان کے متعلق اختیارپر سوال کیا

,

   

شاہ نے اعلان کیاتھا کہ یکم جنوری2024تک ایودھیا میں رام مندر تیار ہوجائے گا
نئی دہلی۔کانگریس صدر ملکاراجن کھڑگے نے جمعہ کے روز مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ پر حملہ کیا اور کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قائدین ووٹوں کے لئے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔وزیرداخلہ امیت شاہ کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ یکم جنوری 2024تک کا ایودھیا میں رام مندر تعمیرہوجائے گی کھڑگے نے کہاکہ ”اس کا اعلان کرنے والے تم کون ہو؟ کیاتم رام مندر کے مہنت ہو؟ تمہاراکام ہمارے ملک کی حفاظت کرنا ہے“۔

امیت شاہ کے اس اعلان کے متعلق کانگریس صدر نے ان کے اختیارات پر سوال کیا اور کہاکہ ”وہ(بی جے پی قائدین) ووٹوں کے لئے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں اور بعد میں اس کو انتخابات کا’جملہ“ بھی کہتے ہیں“۔

سال2019کے انتخابی مہم کے دوران راہول گاندھی کے فقرے”تاریخ نہیں بتائیں گے“ پر طنز کرتے ہوئے جمعرات کے روز امیت شاہ نے یہ اعلان کیاتھا۔جمعرات کے روزجنوبی تریپورہ میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ ”کانگریس نے عدالتوں میں رام مندر کی تعمیر کے متعلق رکاوٹیں ڈالیں۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد مودی جی نے مندر کی تعمیر شروع کی۔

وزیراعظم مودی نے ”بھومی پوجن“ کیا اور مندر کی تعمیر شروع کرائی“۔راہول گاندھی نے 2019کی انتخابی مہم کے دوران کہاتھا کہ ”مند ر وہیں بنائیں گے تاریخ نہیں بتائیں گے“ اسی پر طنز کرتے ہوئے شاہ نے کہاکہ آج راہول گاندھی او رہر کوئی یہ سننا چاہئے کہ یکم جنوری 2024تک ایودھیامیں ایک اونچا اعلی شان رام مندر تعمیر ہوجائے گا“۔

قابل غور ہے کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر تیزی کیساتھ جاری ہے۔ رام مندر کی تعمیر کے لئے 5اگست2020کو وزیراعظم نریندر مودی نے سنگ بنیاد رکھا تھا اس کے بعد سے مندر کی تعمیر کا کام شروع ہوگیاہے۔

اس وقت کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت والی سپریم کورٹ کی پانچ رکنی ائینی بنچ نے 9نومبر2019کو اتفاق رائے سے یہ فیصلہ سنایاتھا کہ ایودھیا میں وہ اراضی جہاں پر کبھی بابری مسجد کھڑی تھی وہ رام للاکی ہے۔