کیبل بریج پر سالگرہ منانے والے پولیس ملازمین کیخلاف تحقیقات : کمشنر پولیس کا اقدام

   

حیدرآباد : /5 مئی (سیاست نیوز) درگم چیروگو کیبل بریج پر سالگرہ منانے والے پولیس ملازمین کے خلاف پولیس کمشنر سائبر آباد اویناش موہنتی نے تحقیقات کا حکم دیا ۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر مادھاپور پولیس اسٹیشن جی ملیش اور دیگر دو انسپکٹران نے دو دن قبل کیبل بریج پر کیک کاٹتے ہوئے سالگرہ منائی تھی ۔ واضح رہے کہ اس کیبل بریج پر مسلسل مہلک حادثات پیش آنے کے نتیجہ میں سائبر آباد پولیس کی جانب سے بریج پر سالگرہ منانے یا گاڑی پارک کرنے پر امتناع عائد کیا اور 1000 روپئے کے جرمانہ کا اعلان کیا تھا ۔ لیکن سوشیل میڈیا پر ایک فوٹو وائرل ہوئی جس میں انسپکٹر مادھاپور اور دیگر دو انسپکٹران کو سالگرہ مناتے ہوئے دیکھا گیا جس پر پولیس کمشنر نے تحقیقات کا حکم دیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مادھاپور جی ونیت نے بتایا کہ سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کے پیش نظر اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ تحقیقات کے دوران قصوروار پائے جانے پر پولیس ملازمین کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی ۔ اسی دوران انسپکٹر مادھاپور جی ملیش نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ سال جولائی کی تصویر کو سوشیل میڈیا پر وائرل کیا گیا ہے اور وہ خود قوانین کا احترام کرتے ہیں ۔