کیرالا :سابق آئی اے ایس عہدیدار کے 8 کروڑ کے اثاثہ جات ضبط : ای ڈی

   

نئی دہلی۔ 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آج کہا کہ اس نے ایک مبینہ غیرمحسوب اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں اینٹی۔ منی لانڈرنگ قانون کے تحت کیرالا کے ایک سابق آئی اے ایس عہدیدار کے 8 کروڑ روپئے سے زیادہ مالیت کی جائیدادوں کو ضبط کیا ہے۔ مرکز کی یہ تحقیقاتی ایجنسی نے کہا کہ اس نے ٹی او سورج کے خلاف پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت ایک عبوری حکومت جاری کیا ہے اور 13 غیرمنقولہ جائیدادوں، 4 گاڑیوں اور 23 لاکھ روپئے نقد رقم کو ضبط کیا ہے۔ ضبط کی گئی املاک کی جملہ قیمت 8.80 کروڑ روپئے ہے۔ اس ایجنسی نے ایک بیان میں یہ بات کہی۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کیرالا کے ویجیلینس اینڈ اینٹی کرپشن بیورو (وی اے سی بی) کی جانب سے درج کئے گئے ایک 2014ء کے غیرمحسوب اثاثہ جات کیس کی بنیاد پر سورج کے خلاف ایک کریمنل پی ایم ایل اے کیس داخل داخل کیا تھا۔ اس کے بعد اس عہدیدار کو ریاستی حکومت نے معطل کردیا تھا اور گزشتہ سال جنوری میں ویجیلنس بیورو کی جانب سے ان کے خلاف ایک چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ ای ڈی نے کہا کہ سورج نے ایک گورنمنٹ سرونٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے یکم جنوری 2004ء تا 19 نومبر 2014ء کی مدت کے دوران منقولہ اور غیرمنقولہ جائیدادیں غیرقانونی طور پر حاصل کیں۔