کیرالا میں ایک ہی بورڈ پر مسجد اور مندر کے نام

   

l مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال
lحقیقی کیرالا اسٹوری پیش کرنے بالی ووڈ کو عوام کا مشورہ

تھروننتاپورم : کیرالا کے تھروننتا پورم میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال قائم کرتی ایک تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بورڈ ہے جس پر مسجد اور مندر دونوں کے نام درج ہیں۔ونجادار وموڈو میں پرائل مسجد اور دی میلی کوڈی موڈو شری چامونڈیشوری مندر کے نام ایک ہی بورڈ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ حال ہی میں مندر کی تزئین کاری کا کام ہوا ہے۔ مندر انتظامیہ چاہتی تھی کہ مندر کا بورڈ سڑک کی شروعات میں لگایا جائے اور وہ موزوں جگہ کی تلاش میں تھی لیکن روڈ کے داخلے پر مسجد کا محراب نما بورڈ پہلے ہی نصب تھا۔ مسجد انتظامیہ نے بورڈ شیئر کرنے کی پیشکش کی۔ اس طرح بورڈ کی دائیں طرف مسجد کا نام اور بائیں طرف مندر کا نام درج ہے جبکہ تارہ اور اوم کا نشان بورڈ کے عین درمیان ہے۔یہ تصویر کیرالا کے کانگریس، سی پی آئی (ایم) اور انڈین یونین مسلم لیگ کے لیڈران نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا صارفین اسے ہندو مسلم مذہبی رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کی بہترین مثال قرار دے رہے ہیں۔ نیز کئی صارفین نے یہ بھی کہا کہ حقیقی کیرالا اسٹوری یہ ہے مگر بالی ووڈ کیرالا کی مسخ شدہ اسٹوری دکھانے میں یقین رکھتا ہے۔