کیرالا نے ملک کا پہلا ’بزرگ شہری کمیشن ‘تشکیل دیا

   

ترواننت پورم، 28 اگست (یو این آئی) کیرالا ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے ، جس نے بزرگ شہریوں کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیا ہے تاکہ بزرگ آبادی کی فلاح و بہبود، تحفظ اوربازآبادکاری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ سابق راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور کولم ضلع پنچایت کے صدر کے سوم پرساد کو اس کمیشن کا پہلا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ، کمیشن کا ہیڈ کوارٹر ترواننت پورم میں ہوگا۔ چیئرمین اور ممبر کی مدت ِکارتین سال ہے ، جس میں چیئرمین کو سرکاری سیکرٹری کا درجہ حاصل ہوگا۔ کیرالا کی بائیں بازو کی حکومت نے ریاستی سینئر سٹیزن کمیشن ایکٹ 2025 کی دفعہ 3 (1) کے تحت یہ کمیشن تشکیل دیا ہے ۔ یہ کمیشن بڑھاپے میں ہونے والے سماجی تعصبات کو دور کرنے کے لیے کام کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں کی مہارتوں، تجربے اورنت نئے خیالات سے دوسرے لوگ مستفید ہوسکیں گے ۔ ملک میں سب سے زیادہ عمر رسیدہ افراد پر مشتمل ریاستوں میں سے ایک کیرالا ہے ، جہاں 2026 تک 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کا کُل آبادی کے ایک چوتھائی حصہ ہو جانے کا اندازہ ہے۔