کینیڈا میں جاریہ ماہ دوسرے سکھ علیحدگی پسند کارکن کے گھر پر فائرنگ

   

اوٹاوا: کینیڈین پولیس نے کہا ہے کہ ایک سکھ علیحدگی پسند کارکن کے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اوٹاوا اور واشنگٹن کے حالیہ الزامات کے بعد دونوں ممالک میں مقیم اختلاف رائے رکھنے والے انڈین شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رواں ماہ یہ کسی سکھ علیحدگی پسند کارکن کے گھر پر فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔کانسٹیبل ٹائلر بیل مورینا نے کہا کہ تعمیراتی عملے نے پِیل ریجنل پولیس کو اطلاع دی تھی کہ اونٹاریو میں اندرجیت سنگھ گوسل کے ’گھر کی کھڑکی میں گولی کا سوراخ‘ ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔اندرجیت سنگھ گوسل ممتاز سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنن کے قریبی ساتھی بھی ہیں جو نیویارک میں ایک امریکی سکھ کارکن ہے جس کے بارے میں امریکی حکام نے کہا تھا کہ گزشتہ سال امریکہ میں ان کے قتل کا ناکام منصوبہ بنایا گیا تھا۔ فائرنگ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے کیونکہ گھر زیر تعمیر ہے اور فی الحال خالی ہے۔ٹائلر بیل مورینا نے مزید بتایا کہ ’ہمیں اس شخص اور اس کی وابستگیوں کے بارے میں معلوم ہے لیکن ہمارے لیے یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دیگر تشدد کے واقعات اور دھمکیوں سے اس واقعے کا کوئی تعلق ہے۔‘