کے آصف کی شاہکارفلم ’مغل اعظم‘ کے 60 سال

   

ممبئی: ہندوستانی فلم انڈسٹری نے 2013 ء میں اپنی شروعات کی ایک صدی مکمل کرلی تھی اور فی الحال انڈسٹری کی عمر 107 سال سے تجاوز کرگئی ہے ۔اس ایک صدی کے عرصے میں ایک فلم مغل اعظم کے 5 اگست کو 60 سال مکمل ہو رہے ہیں۔فلم مغل اعظم کے آصف کے جنون اور فلم فائنانسر شاہ پور کی پالن جی مستری کی شہنشاہ اکبر سے محبت کا ایک عظیم شاہکار ہے ، نہ کوئی کے آصف دوبارہ پیدا ہوا اور نہ ہی مغل اعظم جیسی شاندار فلم بنانے کی کسی نے جسارت کی ہے اور نہ کوئی اس کا وارث بنا ہے ۔مغل اعظم بمبئی کی فلمی دنیا پر ساٹھ سال کی بادشاہت رکھتی ہے ،فلم کی 1951ء میں شوٹنگ کا آغاز ہوا اور 1944 میں انارکلی کی کہانی لکھی گئی ،جس کے پیش نظر فلم کی عمر 76 سال سے تجاوز کر گئی ہے ۔بیس ریل کی اس فلم کی شوٹنگ اتنی ہوئی تھی کہ تین اور فلمیں بن سکتی تھیں ،کے آصف اور شاہ پور کی کے درمیان باپ بیٹے جیسے تعلقات اور نوک جھونک سے لیکر آصف صاحب اور فلم کے لیے عوامی جذبہ کی کہانی اور قصوں کو’داستان مغل اعظم ‘ میں سمودیا ہے ۔اسے بھوپال کے صحافی ،شاعر اور مصنف راجکمار کیشو انی نے کئی سال کی محنت کے بعد کتابی شکل میں دستیاب کرائی ہے ۔