بی آر ایس سے شاندار خیرمقدم کی تیاریاں، گجویل کا بھی دورہ
حیدرآباد۔/13 جنوری، ( سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں شکست، اس کے بعد کولہے کی سرجری سے قیامگاہ تک محدود رہنے والے بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر بہت جلد سیاست میں سرگرم ہونے والے ہیں۔17 فروری کو کے سی آر کی سالگرہ ہے اس دن عوام کے سامنے حاضر ہونے والے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سالگرہ کے دن کے سی آر تلنگانہ بھون پہنچ کر پارٹی قائدین اور کارکنوں سے ملاقات کریں گے۔ پارٹی قائدین کی جانب سے ان کا شاندار خیرمقدم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ تلنگانہ بھون پہنچنے کے بعد بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر گاڑیوں کے بڑے قافلے میں اپنے اسمبلی حلقہ گجویل کے کیمپ آفس پہنچنے کی بھی تیاریاں کررہے ہیں جہاں پر وہ مقامی بی آر ایس قائدین کے ایک اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔ جس کے بعد وہ حیدرآباد میں تلنگانہ بھون اور گجویل کے کیمپ آفس سے سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ گھر پر آرام کرنے والے کے سی آر فی الحال پارٹی کے اہم قائدین سے ٹیلی فون پر رابطہ میں ہیں اور مختلف مسائل پر انہیں ہدایت بھی دے رہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات کا جائزہ لینے والے بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور بی آر ایس میں ٹروبل شوٹر کی شناخت رکھنے والے ہریش راؤ ہر تھوڑے دن میں قیامگاہ پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کررہے ہیں اور تازہ حالات سے انہیں واقف بھی کرارہے ہیں۔ پارٹی لوک سبھا انتخابات سے قبل ورنگل میں ایک بہت بڑا جلسہ عام منعقد کرنے کی بھی تیاری کررہی ہے۔2