کے سی آر شدت دھوپ میں عوام کے درمیان : کے ٹی آر

   

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے آئی پی ایل میچ دیکھتے رہے

حیدرآباد ۔ 6 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں زرعی، برقی بحران جاری ہے۔ عوام مختلف مسائل سے پریشان ہے۔ کے سی آر کڑی دھوپ میں عوامی مسائل جاننے کیلئے عوام کے درمیان پہنچ گئے۔ تاہم چیف منسٹر اے ریونت ریڈی عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے آئی پی ایل میچ دیکھنے کیلئے گراونڈ پہنچ گئے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے عوام سے کس کو ہمدردی ہے اور کھیل سے کس کو دلچسپی ہے۔ ضلع راجنا سرسلہ میں کسان احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اقتدار کے چار ماہ مکمل ہونے کے قریب ہے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کانگریس پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ ریاست میں خشک سالی سے کسان پریشان ہیں، یہ قدرتی خشک سالی نہیں ہے۔ کانگریس حکومت کی جانب سے پیدا کردہ خشک سالی ہے۔ تاحال 210 کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ خودکشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان کو فی کس 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور ساتھ ہی جن فصلوں کو نقصان پہنچا ہے فی ایکر 25 ہزار روپئے معاوضہ کسانوں کو دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ کسانوں کو ہر کاشت پر 500 روپئے بونس دینے کا وعدہ کیا گیا جس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی۔ کالیشورم پراجکٹ کے دو پلرس کو نقصان پہنچا ہے۔ کانگریس حکومت اگر ان کی مرمت کراتی تو خشک سالی کی صورتحال پیدا نہیں ہوتی تھی۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ سماج کا ہر طبقہ حکومت کی کارکردگی سے ناراض ہے۔2