کے سی آر کا دورہ سرسلہ ، مڈ مانیر پروجکٹ کا معائنہ

,

   

ویملواڑہ مندر میں ارکان خاندان کے ساتھ خصوصی پوجا ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

حیدرآباد ۔ 30ڈسمبر ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پیر کو ضلع راجنا سرسلہ کے دورہ کے موقع پر مڈمانیر ریزروائر کا معائنہ کیا اور ویملواڑہ کے راجہ راجیشوری مندر میں پوجا کی ۔ کے سی آر اپنے خاندان کے ارکان کے ساتھ ایک خصوصی بس کے ذریعہ ویملواڑہ مندر پہنچے تھے جہاں راجہ راجیشوری مندر میں خصوصی پوجا کی ۔ قبل ازیں مندر کے پجاریوں نے کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کا پورنا کمبھم کے ذریعہ استقبال کیا ۔ چیف منسٹر نے پوجا کے بعد وہاں موجود پجاریوں اور متعلقہ عہدیداروں سے مندر کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ کے سی آر نے مڈمانیر ریزروائر پہنچ کر اس پروجکٹ کا تفصیلی معائنہ کیا اور دریا گوداوری کی پوجا کی ۔ غالباً یہ پہلا موقع تھا کہ مڈمانیر ذخیرہ آب اپنی مکمل گنجائش کے مطابق مقررہ سطح تک لبریز تھا کیونکہ کالیشورم لفٹ آبپاشی اسکیم کے تحت پانی چھوڑا گیا تھا ۔ تھنگیلا پل پر کے سی آر نے دریائی پانی کو ہارتھی پوجا کا نذرانہ پیش کیا ۔ انہوں نے پوتین پلی منڈل میں پراجکٹ کے مقام کا معائنہ بھی کیا ۔ کے سی آر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کالیشورم پراجکٹ سے مڈمانیر کو 2.4 ٹی ایم سی پانی موصول ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے اننت ساگر اور ملنا ساگر کے کاموں کا معائنہ بھی کیا اور عہدیداروں کو بعجلت ممکنہ تمام کاموں کی تکمیل کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر دیگر وزراء کے ٹی راما راؤ ، ایٹالہ راجندر ، اندرا کرن ریڈی ، گنگولا کملاکر اور کئی اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تھے ۔ ایک مرحلہ پر جب چیف منسٹر کا قافلہ مڈمانیر کی طرف گذر رہا تھا چند افراد اچانک سڑک پر جمع ہوگئے اور گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے نعرہ با۔ی کی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ ان افراد کی اراضیا پراجکٹ کے سبب تعمیراتی منصوبہ میں آگئی تھی لیکن چوکس پولیس نے بروقت ان افراد کو وہاں سے ہٹا دیا اور گاڑیوں کو آگے گذرنے میں مدد کی ۔