کے سی آر کی بس یاترا میں توسیع‘/11 مئی کو اسمبلی حلقہ گجویل کا دورہ

   

حیدرآباد : /7 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے سی آر کی بس یاترا کو مزید ایک دن توسیع دی گئی ہے ۔ پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے اور پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے کے سی آر نے /24 اپریل کو بس یاترا کا آغاز کیا ۔ شیڈول کے مطابق /10 مئی کو سدی پیٹ میں جلسہ کے بعد بس یاترا کا اختتام ہونے والا تھا ۔ سدی پیٹ میں جلسہ عام کو کامیاب بنانے تیاریاں جاری ہیں ۔ اس دوران بس یاترا میں مزید ایک دن کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ /11 مئی کو کے سی آر صبح 10 بجے اسمبلی حلقہ گجویل میں روڈ شو کرینگے جس کے بعد روڈ شو کا پروگرام اختتام کو پہنچے گا ۔ بی آر ایس ذرائع کے بموجب کے سی آر کی بس یاترا کو عوام کا مثبت ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ کے سی آر کی جھلک اور ملاقات کیلئے عوام کی بھیڑ اُمنڈ پڑرہی ہے ۔ بس یاترا سے بی آر ایس کیڈر میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے کے سی آر کی بس یاترا اور انتخابی مہم پر 48 گھنٹوں کی پابندی عائد کردی تھی ۔ ریاست میں /13 مئی کو پولنگ ہے اور /11 مئی کو شام 5 بجے انتخابی مہم اختتام کو پہنچ رہی ہے ۔ کے سی آر نے آخری دن اپنے اسمبلی حلقہ گجویل میں روڈ شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 2