اسمبلی اجلاس میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی قرارداد، نئے ارکان کونسل کو حلف برداری سے روکنا سیاسی سازش، راجیہ سبھا امیدواروں کا انتخاب ہائی کمان کرے گا
حیدرآباد : 30 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ریاست میں بی سی طبقات کی مردم شماری کے حق میں قرارداد منظور کی جائے گی۔ راہول گاندھی نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا ملک کے لیے وعدہ کیا ہے جس پر تلنگانہ میں ضرورت عمل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر آج شام گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ پردیش الیکشن کمیٹی اجلاس کے بعد ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی جو بھی بے قاعدگیاں منظرعام پر آرہی ہیں ان کی تحقیقات کا حکم دیا جارہا ہے۔ دھرنی پورٹل میں خامیوں کا پتہ چلانے کے لیے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ میں بے قاعدگیوں کی برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات پر حکومت قائم ہے اور چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے جج مختص کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے ویجیلنس اینڈ انفورسمنٹ تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بجٹ سیشن میں حکومت کی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا اعلان کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے لوک سبھا چنائو میں حصہ لینے کے بارے میں سونیا گاندھی کو دی گئی دعوت ابھی بھی برقرار ہے۔ کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ تلنگانہ کے کسی حلقہ سے سونیا گاندھی کو بلامقابلہ منتخب کرتے ہوئے تلنگانہ کی تشکیل پر ان سے اظہار تشکر کیا جائے۔ بی آر ایس ارکان اسمبلی کی حالیہ ملاقات کے بارے میں پوچھے جانے پر چیف منسٹر نے کہا کہ عوامی مسائل پر کوئی بھی رکن اسمبلی ملاقات کرسکتے ہیں۔ اگر کے ٹی آر اور ہریش رائو عوامی مسائل پر ملاقات کرنا چاہیں تو میں ضرور ملاقات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہریش رائو، کے ٹی آر اور کے سی آر تینوں کو لوک سبھا چنائو میں عوام سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔ حکومت پر بی آر ایس قائدین کی تنقید کو چیف منسٹر نے اس بلّی سے تعبیر کیا جو دودھ کا چھیکا نہ ٹوٹنے پر ملامت کرتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ لوک سبھا کے 17 حلقہ جات پر کامیابی کے ذریعہ مرکز میں راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدے پر فائز کرنا کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ قومی سطح پر بی جے پی کا مقابلہ صرف کانگریس کررہی ہے لہٰذا دونوں میں مفاہمت کی بات کرنے والے کم عقلی کا شکار ہیں۔ تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل مرکز میں کانگریس حکومت کے قیام سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی اور بی آر ایس دونوں خفیہ مفاہمت کے تحت کانگریس کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین بی جے پی کے خلاف ایک لفظ بھی کہنے سے گریز کررہے ہیں اور نریندر مودی کو تیسری مرتبہ وزیراعظم کے عہدے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 2 فروری سے عادل آباد کے اندراولی میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سازش کے تحت نو نامزد ارکان قانون ساز کونسل کو حلف برداری سے روکا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس میں چپل اٹھانے والوں کا پروفیسر کودنڈارام سے تقابل کرنا افسوسناک ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجیہ سبھا کے امیدواروں کے انتخاب کی ذمہ داری صدر کانگریس، کانگریس ہائی کمان اور سنٹرل الیکشن کمیشن کو دینے کا پردیش الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ لوک سبھا انتخابات کے لیے ٹکٹ کے درخواست گزار 3 فروری تک اپنی درخواستیں گاندھی بھون میں داخل کرسکتے ہیں۔ 1