کے ٹی آر کی محمد محمود علی اور شیخ عبداللہ سہیل کو عید کی مبارکباد

   

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے دونوں قائدین کی قیام گاہوں پر فیملی اور پارٹی قائدین سے ملاقات کی
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بی آر ایس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل کی قیام گاہ پہونچکر انہیں عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر سابق وزیر داخلہ و رکن قانون ساز کونسل محمد محمود علی بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، گوپی ناتھ ، کے وینکٹیش ویویک گوڑ ، کوشک ریڈی ، سابق رکن اسمبلی پی وشنوردھن ریڈی ، سابق ایم ایل سی پربھاکر ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔ عید کی خیر سگالی ملاقات میں لوک سبھا کے انتخابات بالخصوص گریٹر حیدرآباد کے لوک سبھا حلقوں میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔ کے ٹی آر نے شیخ عبداللہ سہیل کے ارکان خاندان اور دوست احباب سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ان کی قیام گاہ پر لنچ کیا ۔ اس کے بعد سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی کی قیام گاہ پہونچکر انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو بھی عید کی مبارکباد پیش کی ۔ بی آر ایس قائد شیخ عبداللہ سہیل نے بتایا کہ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور دوسرے قائدین عید الفطر کی مبارکباد دینے کے لیے ان کی قیام گاہ پہونچے یہ خیر سگالی ملاقات تھی تاہم لوک سبھا کے انتخابات ہونے کی وجہ سے موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ریاست میں بی آر ایس یقینا اقتدار سے محروم ہوئی ہے ۔ مگر عوام کے دلوں میں آج بھی برقرار ہے ۔ کے سی آر کے حالیہ اضلاع دوروں سے اس کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ برقی شعبہ زرعی شعبہ بحران کا شکار ہے ۔ کسان اور بافندے بہت زیادہ پریشان ہیں ۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں ہے ۔ اقلیتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ریاستی کابینہ میں مسلم وزیر شامل نہیں ہے ۔ اقلیتوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔ ان تمام مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے گریٹر حیدرآباد پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کیوں کہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے گریٹر حیدرآباد میں بی آر ایس کو شاندار کامیابی دلوائی ہے ۔ لوک سبھا انتخاب میں اقلیتوں بالخصوص مسلم ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں اقلیتوں کی ترقی اور بہبود کے لیے کئی اقدامات کئے گئے ۔ کابینہ میں مسلم نمائندگی کو بہت زیادہ اہمیت دی گئی ہے ۔ مختلف فلاحی اسکیمات سے انہیں فائدہ پہونچایا گیا ۔ لوک سبھا انتخابات میں اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے بعد کے ٹی آر سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی کی قیام گاہ پہونچکر ان کی فیملی سے ملاقات کی ۔ بی آر ایس کے قائدین سابق صدر نشین ریاستی وقف بورڈ مسیح اللہ خاں کے علاوہ دوسرے قائدین میں ارشد علی خاں ، معید خاں ، اعظم علی اور دوسرے قائدین سے بغلگیر ہوتے ہوئے کے ٹی آر نے عید کی مبارکباد دی ۔ محمد محمود علی کی فیملی اور پارٹی قائدین کے ساتھ خوشگوار وقت گذارا ۔۔ 2