گانجہ کی فروخت اور استعمال کیخلاف پولیس کی مہم

   

کڑپہ 2 ٹاؤن میں ایک گروہ گرفتار ، محکمہ پولیس کی پریس کانفرنس

کڑپہ ۔15 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کڑپہ 2 ٹاؤن انسپکٹر مسٹر جی پرساد راؤ نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2 ٹاؤن پولیس نے گانجہ سربراہ کرنے والے گروہ کو گرفتار کرکے 1250 گرام گانجہ اور ایک اسکوٹر ضبط کرلیا۔ تفصیلات بتاتے ہوئے انھوں نے کہاکہ ضلع ایس پی کڑپہ کے وشواناتھ کی ہدایت پر کڑپہ ٹو ٹاؤن سرکل میں گانجہ کی فروخت اور استعمال کیخلاف مہم چلائی گئی ۔ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر 14 اپریل کو گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی گئی ۔ کے سی کینال کے قریب واقع سی ایس شادی خانہ کے پاس ایک نوجوان پولیس چیکنگ کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا جسے پیچھا کرکے گرفتار کرلیا گیا ۔ تلاشی لینے پر اُس کی گاڑی سے 250 گرام گانجے کو ضبط کرلیا گیا ۔ تفتیش پر اُس نے اعتراف کرلیا کہ وہ روڈی شیٹر شیخ عرفات کے ساتھ مل کر گانجہ کی خریدو فروخت کیا کرتا تھا۔ اُن کے ساتھ محمد علی کے ہونے کا بھی اُس نے اعتراف کیا ۔ پولیس نے گرفتار شدہ نوجوان اسمعیل باشاہ کو اخباری نمائندوں کے سامنے پیش کیا جبکہ دیگر دو افراد روڈی شیٹر عرفات اور محمد علی فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے ۔ اُن دونوں کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جنھیں جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ جی پرساد نے کہاکہ روڈی شیٹر پر کڑی نگرانی رکھی گئی ہے ۔ کسی بھی قسم کے غیرسماجی کاموں یا جرائم کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر ایس آئی رام کرشنا بھی موجود تھے ۔