ممبئی، 2 اکتوبر (آئی اے این ایس): فلمساز جوڑی عباس مستان نے گاندھی جینتی کے موقع پر اپنی آنے والی تھرلر فلم ’3 منکیز‘کے مرکزی کردار امر، اکبر اور انتھونی کا پہلا تعارف پیش کردیا۔ فلم کے پہلے پوسٹر اور موشن پوسٹر میں وشال جیتھواکو امر، مصطفیٰ برما والا کو اکبر اور تِنزِن دلہا کو انتھونی کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔ فلم کی مہم تین دانا بندروں کے معروف پیغام ’’برا مت دیکھو، برا مت سنو، برا مت بولو‘‘ کو نئے انداز میں پیش کرتی ہے: ’’سب دیکھو، اپنی سنو، بے خوف بولو۔‘‘عباس مستان نے کہا کہ امر، اکبر اور انتھونی شرارتی اور غیر متوقع کردار ہیں، جو خطرناک حالات میں بھی بے فکری سے اپنا کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم ان کے مطابق عباس مستان کی فلم میں جوکچھ نظر آتا ہے، ضروری نہیں کہ پوری حقیقت بھی وہی ہو۔ موشن پوسٹر میں پہلے تین دانا بندروں کو دکھایا گیا ہے، جس کے بعد امر، اکبر اور انتھونی نقاب پوش افرادکے طور پر سامنے آتے ہیں۔ فلم میں ارجن رامپال بھی سنجے کے کردار میں ہیں، جو مسلح دکھائی دیتے ہیں ۔