گجرات میں ٹرمپ کا پروگرام ممبئی میں کورونا بحران کیلئے ذمہ دار

,

   

بغیر منصوبہ بندی کے لاک ڈاؤن کیلئے مرکز پر تنقید : شیوسینا قائد سنجے راوت

ممبئی ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا قائد سنجے راوت نے آج الزام عائد کیا کہ فبروری میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے استقبال کیلئے جو پروگرام منعقد ہوا تھا اسی وجہ سے گجرات میں کوروناوائرس کی وباء پھیلی اور اس کے بعد ممبئی اور دہلی تک پھیل گئی کیونکہ امریکی صدر کے وفد کے بعض وفود نے ان مقامات کا دورہ کیا تھا۔ سنجے راوت نے بغیر کسی مسئلہ کے لاک ڈاؤن پر عمل آوری کیلئے مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ مرکز نے اب پابندیوں کو اٹھانے اور ان کو ختم کرنے کی ذمہ داری ریاستوں پر ڈال دی ہے۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ مخالفت کے باوجود بی جے پی نے مہاراشٹرا وکاس اگاڈی حکومت کو گرانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور اس کی بقاء تینوں جماعتوں شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کیلئے ضروری ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ گجرات میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی وجہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے
خیرمقدم کیلئے بھاری تعداد میں عوام کا جمع ہونا ہے۔ ٹرمپ کے کچھ وفود نے ممبئی اور دہلی کا بھی دورہ کیا جس کی وجہ سے یہ وائرس پھیل گیا۔ شیوسینا کے اخبار سامنا میں سنجے راوت نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ 24 فروری کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ احمدآباد میں روڈ شو میں حصہ لیا تھا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی ۔ روڈ شو کے بعد دونوں قائدین نے موٹیرا کرکٹ اسٹیڈیم میں تقریباً ایک لاکھ کے مجمع کو خطاب کیا تھا۔ گجرات میں 20 مارچ کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی۔