گجرات کے بھڑوچ کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی

   

علاقہ میں دہشت‘ فائر بریگیڈ عملہ آگ بجھانے میں مصروف
احمد آباد۔14؍ستمبر( ایجنسیز )گجرات کے بھڑوچ ضلع کے انکلیشور واقع پانولی جی آئی ڈی سی علاقے میں اتوار کو شدید آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ آگ سنگھوی آرگینکس پرائیویٹ لمیٹیڈ فیکٹری میں لگی ہے جس سے پورے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ آگ اتنی بھیانک تھی کہ دور‘دور تک دھوئیں کا غبار صاف نظر آیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ محکمہ کی 15 گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم لگاتار مشقت کر رہی ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔آگ لگنے کی وجہ سے قریب کے سنجالی گاؤں میں دہشت کا ماحول پھیل گیا۔ ابھی تک آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔حادثے میں ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حالانکہ آگ سے فیکٹری کو کافی نقصان پہنچنے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔حادثے کے وقت سبھی مزدوروں اور اسٹاف کو وقت رہتے محفوظ باہر نکال لیا گیا۔ فائر بریگیڈ اور انتظامی افسروں نے واضح کیا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ شارٹ سرکٹ، کیمیکل ری ایکشن یا دیگر تکنیکی خرابی کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ جانچ ٹیم جلد ہی اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی۔