گرام پنچایت کو پلاسٹک سے پاک بنانے کی کوشش

   

سرپنچوں کی خصوصی دلچسپی ، پلاسٹک اشیاء ترک کرنے پر مختلف انعامات ۔ ضلع کلکٹر کی ستائش
یلاریڈی ۔26 مئی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پلاسٹک کے بڑھتے چلن اور عوام کو اس کی عادت نے ماحولیات کے ساتھ ساتھ مہلک بیماریاں بھی آج کل عام ہوتے جارہی ہیں ، شہروں میں تو پلاسٹک زندگی کا اٹوٹ حصہ بن گیا ہے لیکن دوسری طرف مواضعات کی عوام پلاسٹک سے پاک زندگی کو ممکن بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو شہری عوام کے بہ نسبت لاکھ درجہ بہتر ہے۔ منڈل تاڑوائی کے مختلف مواضعات کے گرام پنچایت سرپنچوں کی خصوصی دلچسپی سے پلاسٹک کے استعمال سے متعلق عوام کے اندر شعور بیدار کرنے کا کام تیزی کے ساتھ چلایاجارہا ہے ۔ پلاسٹک سے ماحولیات پر منفی اثرات کے علاوہ کینسر جیسی بیماری پھیلنے سے روکنے کیلئے مواضعات کی تقاریب میں بھی پلیٹ، گلاس وغیرہ کا استعمال ترک کرنے کی قراردادیں منظور کرکے عوام کی صحت کا خیال رکھا جارہاہے۔ منڈل تاڑوائی کے اینڈریل گرام پنچایت سرپنچ نرسملو نے اپنے علاقہ کو پلاسٹک سے پاک بنانے کا عزم کرتے ہوئے عوام کو اپنے گھروں سے چن چن کر پلاسٹک اشیاء نکال پھینکنے کا مشورہ دیا اور اس کے بدلہ اُنھیں ایک خوبصورت اسٹیل باکس انعام میں دینے کا اعلان کیا ہے جس کی ہر طرف سے ستائش کی جارہی ہے ۔ سرپنچ کے اس فیصلہ سے ضلع کلکٹر آشش سانگوان نے خوش ہوتے ہوئے انھیں مبارکباد پیش کی۔ منڈل کے دیوایا پلی سرپنچ نریش نے بھی پلاسٹک ترک کرنے کی قرار داد منظور کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تقاریب میں ہرگز پلاسٹک کا استعمال نہ کریں۔ ویسے حکومت نے پلاسٹک پر امتناع عائد کر رکھا ہے اور میونسپل ذمہ داران باربار پلاسٹک ترک کرنے کا انتباہ دیتے آرہے ہیں لیکن قوانین سخت نہ ہونے پر عوام کو اس لعنت کو ترک کرنے کی ضرورت ضروری سمجھ میں نہیں آرہی ہے ۔