گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو مستحکم کرنے قائدین متحرک ہوجائیں

   

دیپا داس منشی کا مشورہ، حیدرآباد، سکندرآباد اور چیوڑلہ حلقہ جات کے اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز)تلنگانہ میں کانگریس کی انچارج دیپا داس منشی نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کانگریس کے استحکام پر توجہ مرکوز کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں گریٹر حیدرآباد کے تین حلقہ جات حیدرآباد، سکندرآباد اور چیوڑلہ میں پارٹی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے کیلئے دیپا داس منشی نے آج پارٹی کے اقلیتی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اندرا بھون میں منعقدہ اجلاس میں انچارج سکریٹری اے آئی سی سی منصور علی خاں، روہت چودھری، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، سکندرآباد ضلع کانگریس کے صدر انیل کمار یادو، حیدرآباد کے انچارج فیروز خاں، فہیم قریشی، ایس کے افضل الدین، وجیہ ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ دیپا داس منشی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پارٹی قائدین کو متحرک ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی چناؤ میں گریٹر حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کا مظاہرہ کمزور رہا۔ پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے لوک سبھا الیکشن میں کامیابی کیلئے ابھی سے متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔ سکندرآباد، حیدرآباد اور چیوڑلہ لوک سبھا حلقوں میں اقلیتوں کو کانگریس سے قریب کرنے کیلئے مساعی کی جائے گی جس کے لئے کانگریس حکومت کی 6 ضمانتوں کی بڑے پیمانے پر تشہیر کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت نے غریب اور مستحق افراد کیلئے جن اسکیمات کو قطعیت دی ہے ان کے فوائد سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اسمبلی چناؤ میں حیدرآباد اور سکندرآباد کے جن حلقہ جات میں پارٹی کا کمزور مظاہرہ رہا وہاں خصوصی توجہ دی جائے۔ دیپا داس منشی نے کہا کہ قائدین اور کارکنوں کی متحدہ مساعی سے کانگریس بہتر مظاہرہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدین باہمی اشتراک سے لوک سبھا کی انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے عوام کو کانگریس سے قریب کرنے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں اقلیتی قائدین نے پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ وہ پرانے شہر میں پارٹی کے استحکام پر توجہ مرکوز کرے اور حقیقی قائدین کو تنظیمی سطح پر مناسب نمائندگی دی جائے۔1