گلو دادا کا فیس بک اکاونٹ ہیک

   

سائبر کرائم پولیس سے شکایت ، سخت کارروائی کا تیقن
حیدرآباد /15 اپریل ( سیاست نیوز ) حیدرآبادی فلموں کے مشہور اداکار عرف گلو دادا کے فیس بک اکاونٹ ہیک کرنے پر سائبرکرائم پولیس اسٹشین پر ایک شکایت درج کروائی ہے ۔ آج صبح ساجد خان نے سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) کے سائبر کرائم پولیس سے ایک تحریری شکایت درج کروائی جس میں بتایا کہ ان کے فیس بک پیج ’’ گلو دادا فین‘‘ کو نامعلوم افراد نے ہیک کرلیا ہے ۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ ہیک کرنے والے نے اس اکاونٹ کے ذریعہ قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنا شروع کردیا ہے جس سے گلو دادا کے فینس تشویش کا شکار ہوگئے ہیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائم کے سی ایس رگھوویر نے ساجد خان کی شکایت حاصل کرنے کے بعد اس سلسلے میں مناسب کارروائی کا تیقن دیا ہے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ساجد خان نے کہا کہ ان کے فیس بک اکاونٹ کو ہیک کرنے پر شکایت درج کروائی گئی ہے اور اس سلسلے میں سخت کارروائی کی امید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند دن قبل فیس بک کمپنی سے بھی راست طور پر شکایت کی گئی ہے لیکن اس کا عدم جواب موصول ہونے پر سائبر کرائم پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوئے ہیں ۔